لکھنے کی دو قسمیں
Urdu book, p. 7
By Maulana Wahiduddin Khan
اس کتاب کی تیاری میں ان کے چار سال سے زیادہ لگے۔ انھوں نے لندن کے اخبار ٹائمس میں اشتہار دیا کہ جن لوگوں نے 47-1940 کے درمیان ہندوستان میں کام کیا ہے، وہ اپنے پتے سے ہم کو مطلع کریں۔ جواب میں ان کو دو ہزار خطوط ملے۔ انھوں نے ان تمام لوگوں کے پاس اپنی ٹیم بھیج کر انٹرویو لیے اور رپورٹ تیار کی۔ انھوں نے ہندوستان، پاکستان اور برطانیہ کے تین سفر کیے اور مختلف جاننے والوں سے مل کر بارہ ہزار انٹرویو تیار کیے۔ ان کی تحقیق اور دستاویزات اور انٹرویو کے کاغذات کا وزن ایک ٹن سے زیادہ تھا۔ مگر ان کے فرانس کے دفتر میں ان کو اس طرح ترتیب سے رکھا گیا تھا کہ ان کی خاتون سکریٹری ”نسی“ مخصوص کاغذ کو صرف ایک منٹ میں نکال سکتی تھی۔ اب انھوں نے کتاب لکھنا شروع کی۔ نصف حصہ کالنس نے انگریزی میں لکھا اور بقیہ نصف لپری نے فرانسیسی میں۔ ہر ایک دوسرے کے لکھے ہوئے کو دیکھتا، اور بے رحمانہ تنقید کرتا۔ جب دونوں مطمئن ہو جاتے تو آخری مسودہ کو ایک مقامی کسان کی بیوی کو پڑھنے کے لیے دیتے ۔ اگر خاتون یہ کہتی کہ میں ٹھیک سے سمجھ نہ سکی تو وہ فرض کر لیتے کہ ابھی کچھ غلطی ہے اور اس حصہ کو دوبارہ لکھتے۔ آخری ایک سال انھوں نے روزانہ اٹھارہ گھنٹے کام کیا اور اس طرح اپنی کتاب تیار کی۔ مصنف نے یہ تفصیل بتاتے ہوئے انٹرویو سے کہا: We lived like hermits, and we produced... 'Fredom at Midnight' ہم نے رہبانوں کی طرح زندگی بسر کی اور پھر ہم نے اپنی کتاب تیار کرلی۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader