Urdu book · سبق آموز واقعات

دوسرے کو ستارے

Urdu book, p. 8

By Maulana Wahiduddin Khan

ایک کو کیچڑ دوسرے کو ستارے ڈیل کارنیگی (1888-1955) کی ایک کتاب ہے جس کا نام ہے: How to stop worrying and Start Living, 1948 اس کتاب میں اس نے جنگ عظیم ثانی کا ایک دلچسپ واقعہ بیان کیا ہے۔ ٹامسن ایک امریکی فوجی تھا۔ اس کی ڈیوٹی کیلی فورنیا کے صحراۓ موجاوی (Mojave) میں تھی۔ اس کی بیوی (1907-1977 ,Thelma Thompson) اپنے شوہر سے قریب رہنے کے لیے وہاں گئی، اور قریب کی ایک بستی میں مکان لے کر رہنے لگی۔ تھوڑے دنوں رہنے کے بعد اسے محسوس ہوا کہ یہ جگہ اس کی پسند کے بالکل خلاف ہے۔ گرمی، ریت اور آندھی ہر وقت وہاں اس کا استقبال کرنے کے لیے موجود رہتے تھے۔ اس کے ساتھ تنہائی، کیونکہ اس کے شوہر کا بیشتر وقت فوجی گشت میں گزرتا تھا۔ اس کے واحد ساتھی اس کے دیہاتی پڑوسی تھے۔ مگر وہ لوگ انگریزی بالکل نہیں جانتے تھے، اس لیے وہ ان سے بھی مانوس نہ ہوسکی۔ اس نے فیصلہ کیا کہ وہ اس جگہ کو چھوڑ دے اور اپنے گھر واپس چلی جائے۔ اس نے اپنے والدین کو ایک مایوسانہ خط لکھا، اور ان کو بتایا کہ وہ جلد ہی ان کے پاس لوٹ آنا چاہتی ہے۔ اس کے باپ کا جواب آیا۔ مگر وہ بہت مختصر تھا۔ باپ نے اپنے خط میں صرف دو سطریں لکھی تھیں: Two men looked out from prison bars. One saw the mud, the other saw the stars. دو آدمیوں نے قید خانہ کے جنگلے سے باہر نظر ڈالی۔ ایک کو کیچڑ دکھائی دیا، دوسرے کو ستارے۔ ان دو سطروں نے اس کی زندگی میں انقلاب برپا کر دیا۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page