جس خوشی کی ہمیں تلاش ہے
Urdu book, p. 173
By Maulana Wahiduddin Khan
جس خوشی کی ہمیں تلاش ہے ایک بار میں راجستھان کے ایک مقام پر گیا۔ یہ سفر مولانا محمد تقی امینی (وفات 1991) کے ساتھ ہوا تھا۔ ہم دونوں ایک صاحب سے ملے۔ وہ آبادی سے باہر ایک فارم ہاؤس میں رہتے تھے۔ اُن کو اپنے والد سے کافی مال وراثت میں ملا تھا۔ انھوں نے اپنی پسند کی ایک خاتون سے شادی کی، اور دونوں اس فارم ہاؤس میں رہنے لگے ۔ بظاہر یہ فارم ہاؤس ایک خوب صورت دنیا کا منظر پیش کر رہا تھا، لیکن اُس کے اندر جو عورت اور مرد رہ رہے تھے، وہ کامل افسردگی کی تصویر تھے۔ ان دونوں نے اپنی پسند کی شادی کی، اور پھر اس فارم ہاؤس کے اندر ایک پرمسرت ازدواجی زندگی گزارنے لگے ۔ کچھ سالوں تک دونوں بہت خوش تھے۔ اُس کے بعد دونوں، فارم ہاؤس کی اس زندگی سے اکتائیے ۔ میں اور مولانا محمد تقی امینی اُس گھر میں ایک رات اور ایک دن ٹھہرے ۔ اس مدت قیام میں میں نے ایک بار بھی نہیں دیکھا کہ وہ دونوں آپس میں باتیں کر رہے ہوں ۔ یہ فارم ہاؤس جو کبھی خوشیوں کا گہوارہ معلوم ہوتا ہوگا، اب وہ افسردگی کا ایک قبرستان بنا ہوا نظر آتا تھا۔ میں نے اپنی زندگی میں اس طرح کے بہت سے لوگ دیکھے ہیں، مسلمانوں میں بھی اور غیر مسلموں میں بھی ۔ یہ وہ لوگ تھے جنھوں نے نہایت محنت سے مال کمایا، لیکن جب مال اُنھیں حاصل ہو گیا تو انھوں نے دریافت کیا کہ مال میں اُن کے لیے کوئی خوشی نہیں۔ کسی نے نہایت ذوق و شوق کے ساتھ اپنی پسند کی شادی کی، لیکن تھوڑے دنوں کے بعد انھیں معلوم ہوا کہ شادی اُن کے لیے صرف ایک خشک ذمے داری ہے، نہ کہ خوشیوں کی پرمسرت زندگی۔ کسی نے اپنی پوری زندگی کو سیاست میں وقف کیا، تاکہ وہ سیاسی اقتدار کی کرسی پر پہنچ سکے، لیکن جب سیاسی اقتدار حاصل ہو گیا تو اُس کے لیے خوشیوں کا خاتمہ ہو چکا تھا۔ کسی کا نشانہ یہ تھا کہ اُس کے پاس ایک کشادہ اور خوب صورت مکان ہو، لیکن مکان جب بن کر تیار ہو گیا تو اس کے

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader