Urdu book · سفرنامہ غیر ملکی اسفار

امریکہ کا سفر

Urdu book, p. 271

By Maulana Wahiduddin Khan

ایک سفر دسمبر ۱۹۸۰ میں بما کو (افریقہ) میں ایک اسلامی کانفرنس ہوئی۔ اس موقع پر راقم الحروف نے ہندستان کے نمائندے کی حیثیت سے شرکت کی ۔ اس سفر کا راستہ تھا : دہلی ۔ روم ۔ دکار۔ بما کو، دوسرے لفظوں میں ایشیا سے یورپ اور پھر یورپ سے افریقہ۔ کانفرنس کے بعد بما کو۔ پیرس۔ لندن۔ کویت ۔ دہلی کے راستے سے واپسی ہوئی۔ بہت سے لوگوں کے لیے سفر ایک تفریح ہوتا ہے۔ مگر میرے لیے سفر ایک مصیبت ہے۔ چنانچہ میں گھر سے بادل ناخواستہ ایرپورٹ کے لیے روانہ ہوا۔ دلی ایرپورٹ پر پہو نچ کر مجھے اس قدر وحشت ہونے لگی کہ میں نے اپنے ساتھی سے کہا کہ واپس چلو، مجھے سفر پر نہیں جانا ہے۔ میرے قدم کسی طرح آگے نہیں بڑھ رہے تھے۔ مگر ساتھی کے اصرار اور دینی مصلحت کے خیال سے مجھے آگے جانا پڑا۔ میرے مزاج میں فطرت پسندی اتنی زیادہ ہے کہ مجھے ہر مشینی سفر سے وحشت ہوتی ہے۔ اگر یہ بدل سفر کرنا ممکن ہو تو یقیناً میں پیدل سفر کروں۔ مگر ظاہر ہے کہ ایشیا سے یورپ، اور یورپ سے افریقہ اور امریکہ کا سفر پیدل طے نہیں کیا جا سکتا۔ میری یہ کیفیت بھی عجیب ہے ۔ جن دنیوی چیزوں کو پا کر عام لوگ خوش ہوتے ہیں ان کو پا کر میں ایسا غمزدہ ہوتا ہوں جیسے وہ چیز مجھے کاٹ رہی ہو ۔ ۴ دسمبر ۱۹۸۰ کی رات کو پالِم ایر پورٹ پر مسافروں کا ہجوم تھا۔ لوگ خوش و خرم چہروں کے ساتھ تیزی سے اندر داخل ہو رہے تھے۔ مگر میں اپنے خیالات میں گم تھا۔ میرے ہاتھ میں فرسٹ کلاس کا ٹکٹ تھا۔ میرے لیے روم (اٹلی) اور دکار (سینیگال) میں ہوٹل کے کمرے ررزو تھے۔ بما کو (افریقہ) پہونچ کر مجھے فائیو اسٹار ہوٹل میں قیام کرنا تھا۔ مگر میرا حال یہ تھا کہ جیسے قدم اٹھ نہ رہے ہوں ۔ آخر جب میں جہاز کے اندر داخل ہوا تو میری آنکھوں میں آنسو بھرے ہوئے تھے۔ میرے دل کو ایک لمحہ کا سکون بھی حاصل نہ تھا۔ اللہ اپنے اس بندے پر رحم فرمائے جس کا حال یہ ہے کہ جہاں لوگ ہنستے ہیں وہاں اسے رونا آتا ہے۔ جہاں لوگ اپنے کو پایا ہوا سمجھتے ہیں وہاں اس کو ایسا لگتا ہے جیسے اس نے اپنا سب کچھ کھو دیا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ دنیوی کامیابی پر قانع نہ ہونے والے آدمی کی اندرونی حالت اتنی مختلف ہوتی ہے کہ اس کو وہ لوگ سمجھ ہی نہیں سکتے جو دنیوی کامیابی پر قانع ہو گئے ہوں ۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page