افغانستان کا سفر
Urdu book, p. 426
By Maulana Wahiduddin Khan
موجودہ زمانہ میں تمام مسلم ممالک کا یہ حال ہے کہ وہاں کا حکمران طبقہ ایک یا دوسری مغربی طاقت کا ایجنٹ بنا ہوا ہے۔ ان مسلم حکمرانوں سے لڑ کر جب تک ان کا خاتمہ نہ کیا جائے، اسلام کو قائم اور غالب نہیں کیا جاسکتا۔ میں نے کہا کہ یہ مسئلہ اسلام کا نہیں، بلکہ آپ کی مفروضہ تفسیر اسلام کا ہے۔ آپ لوگوں نے خود ساختہ تفسیر کی بنا پر یہ سمجھ لیا ہے کہ اسلامی دعوت کا اصل کام اسلام کو ایک قانونی نظام کی حیثیت سے نافذ کرنا ہے، اور چونکہ موجودہ زمانہ کے مسلم حکمران اس قسم کے نفاذ کی راہ میں رکاوٹ ہیں، اس لئے پہلا کام یہ ہے کہ ان سے لڑ کر نفاذ اسلام کی راہ ہموار کی جائے۔ میں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو جبکہ میں حکومت پیش کی گئی مگر آپ نے اس کو قبول نہیں فرمایا۔ اگر اصل مقصد اقتدار ہوتا تو آپ فورا اس کو قبول کر لیتے اور اس کے بعد ڈنڈے کے زور پر اسلامی قانون نافذ کرتے، جیسا کہ موجودہ زمانہ کے بعض نام نہاد مجاہدین اسلام کرنا چاہتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ اسلامی دعوت کا نشانہ اصلاح قلب ہے نہ کہ اصلاح سیاست۔ سیاست کی اصلاح بطور نتیجہ پیدا ہوتی ہے نہ کہ وہی دعوت کا اصل نشانہ ہے۔ مزید میں نے کہا کہ قرآن میں ایک طرف کہا گیا ہے کہ تعالو الی کلمۃ سواء بیننا و بینکم اور دوسری طرف ارشاد ہوا ہے کہ ولا یتنا زعنك في الامر وادع الى ربك اس سے معلوم ہوتا ہے کہ اسلامی دعوت کی حکمت یہ ہے کہ اس کو کلمہ سوا سے شروع کیا جائے نہ کہ کلمہ نزاع سے۔ موجودہ زمانہ کے مدعیان دعوت نے اپنا کام کلمہ نزاع سے شروع کیا۔ یہی وجہ ہے کہ بے شمار بربادی کے باوجود انھیں کوئی کامیابی حاصل نہ ہوسکی۔ ڈاکٹر میاں محمد سعید (حال مقیم واشنگٹن نے ۱۹۶۲ کا ایک واقعہ بتایا۔ اس وقت وہ لندن میں تھے۔ لندن یونیورسٹی میں ان کی ملاقات ڈاکٹر پدما سرائے ہوئی ۔ وہ ایک ہندوستانی خاتون تھیں، جو اس وقت لندن یونیورسٹی میں تھیں۔ گفتگو کے دوران ڈاکٹر پدما سرائے نے ایک واقعہ بتایا۔ انھوں نے کہا کہ وہ بنارس اور لکھنؤ کے درمیان سفر کر رہی تھیں۔ ان کے ڈبے میں لکھنؤ کی ایک مسلمان عورت بھی تھی جو ایک سیٹ پر اپنی گٹھری رکھے ہوئے بیٹھی تھی۔ اس کے میلے کپڑے بتا رہے تھے کہ وہ کسی معمولی گھر کی ہے۔ غالباً وہ سبزی فروش گھرانے سے تعلق رکھتی تھی ۔ اس دوران میں وہ ایک بار ہاتھ دھو گئی۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader