ایک سفر
Urdu book, p. 454
By Maulana Wahiduddin Khan
کرنے لگے ہیں۔ اس کو قرآن میں مضاہاۃ (التوبہ: ۳۰) کہا گیا ہے۔ میرے نزدیک مضاہاۃ کا اس سے بھی زیادہ بڑا واقعہ وہ ہے جو سیاسی مضاہاۃ کی صورت میں پیدا ہوا ہے۔ موجودہ زمانہ میں سیاسی فلسفوں کا غلبہ ہوا۔ اس سے متاثر ہو کر کچھ لوگوں نے اسلام کی سیاسی تعبیر کر ڈالی۔ چوں کہ یہ زمانہ کے مزاج کے مطابق تھی۔ اس لئے وہ بہت جلد لوگوں میں پھیل گئی۔ اگر نتیجہ کے اعتبار سے دیکھا جائے تو مضاہاۃ کی تمام قسموں میں سب سے زیادہ نقصان دہ یہی سیاسی مضاہاۃ ہے۔ ایک عرب نوجوان نے اپنے کچھ قصے بتاتے ہوئے کہا کہ ایک بار میں اپنے بھائی کے ساتھ تھا۔ ہم لوگ انگور خریدنے کے لئے دکان پر گئے۔ میں نے بھائی کی مخالفت کے باوجود سستا انگور خریدا۔ گھر پہنچ کر جب اس کو کھول کر کھانے کی میز پر رکھا تو معلوم ہوا کہ اس میں بہت سے انگور خراب ہیں جو کھانے کے لائق نہیں۔ چنانچہ میں نے اس کا ایک حصہ کھایا اور دوسرا حصہ پھینک دیا۔ بھائی نے کہا کہ یہی مطلب ہے اس عربی مثل کا کہ الذی یعجبک رخصه سترھى نصفہ (جس چیز کا سستا ہونا تم کو پسند آتا ہے اس کا نصف حصہ تم کو پھینکنا پڑے گا)۔ ایک اخوانی نوجوان سے ملاقات ہوئی۔ ان کو معلوم تھا کہ میں مسلم حکومت کے خلاف خروج کو صحیح نہیں سمجھتا۔ انھوں نے کہا کہ آپ کیسے ایسا کہتے ہیں جب کہ امام احمد بن حنبل نے اپنے وقت کی حکومت سے ٹکرائو کیا۔ ہم لوگ امام احمد کے اسی مسلک پر ہیں۔ میں نے کہا کہ انھوں نے ٹکرائو نہیں کیا بلکہ ایک غیر سیاسی معاملہ میں ٹکرائو پیش آیا۔ پھر میں نے فقہ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ علماء اصول کا اتفاق ہے کہ جب ایک صورتحال کو دوسری صورت حال پر منطبق کیا جائے تو دونوں کے درمیان علت مشترکہ کا پایا جانا ضروری ہے۔ اس فقہی اصول کی روشنی میں دیکھئے تو آپ کے اور امام احمد کے درمیان علت مشترک موجود نہیں۔ آپ موجودہ حکمرانوں کو اقتدار سے بے دخل کرنے کے لئے ان کے خلاف مہم چلا رہے ہیں۔ جب کہ امام احمد نے نہ تو ایسا کیا اور نہ ہی ایسا کہا۔ انھوں نے کسی بھی سیاسی ٹکرائو کے بغیر ایک غیر سیاسی مسئلہ (خلق قرآن) کے بارہ میں اپنی رائے دی تھی اور حکومت غلط فہمی کی بنا پر ان کو سزا دینے پر تل گئی۔ اس لئے آپ کے عمل اور امام احمد کے عمل کے درمیان علت مشترک موجود نہیں۔ اور جب علت مشترک موجود نہیں تو ان کا عمل آپ کے لئے دلیل بھی نہیں بن سکتا۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader