سفرنامہ فلسطین
Urdu book, p. 164
By Maulana Wahiduddin Khan
تو مسلمانوں کو خبر بھی نہیں ہوگی کہ مسجد اقصی ڈھا دی گئی ہے۔ اس قسم کی باتیں ظاہر کرتی ہیں کہ یہ 80 فیصد کا معاملہ نہیں ہے، بلکہ مضمون نگار سمیت تمام ہی مسلمان اس مسئلہ کی حقیقی نوعیت سے بے خبر ہیں۔ یروشلم میں یہودیوں کی سب سے زیادہ مقدس چیز دیوار گریہ ہے اور مسلمانوں کی سب سے زیادہ مقدس چیز مسجد اقصی۔ عجیب بات ہے کہ دونوں ایک دوسرے سے بالکل متصل ہیں۔ ذیل کی تصویر مسجد اقصی کا خارجی منظر پیش کرتی ہے۔ او پر کے حصہ میں مسجد کا گنبد اور اس کی بلند دیوار ہے۔ اور نیچے اس سے بالکل ملی ہوئی دیوار گریہ ہے جس کا ایک جزو تصویر میں دکھائی دے رہا ہے: دیوار گریہ (wailing wall) کا دوسرا نام مغربی دیوار (Western Wall) ہے۔ رومیوں نے اس کو 70ء میں تباہ کر دیا تھا۔ اس کے بعد اس کی صرف ایک دیوار کا کچھ حصہ باقی رہ گیا تھا جو ابھی تک موجود ہے۔ اس سے ملی ہوئی اور اس کے اوپر وہ اونچی فصیل تعمیر کی گئی ہے جو مسجد اقصی کا احاطہ کیے ہوئے ہے: The wall now forms part of a larger wall that surrounds the Muslim Dome of the Rock and Al-Aqsa mosque. (EB. 10/627) اس دیوار کی لمبائی 20 میٹر ہے اور وہ 20 میٹر اونچی ہے۔ یہود کا عقیدہ ہے کہ خدا کی رحمت کبھی بھی مغربی دیوار سے جدا نہیں ہوتی۔ یہودی بڑی تعداد میں یہاں دعا مانگنے کے لیے آتے ہیں۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader