Urdu book · سفرنامہ اسپین و فلسطین

سفرنامہ فلسطین

Urdu book, p. 165

By Maulana Wahiduddin Khan

مصری لطیفہ بنانے میں بہت مشہور ہیں۔ انہوں نے ایک لطیفہ بنایا کہ امریکہ کے سابق صدرجی کارٹر جب یروشلم گئے تو اس وقت کے اسرائیلی وزیر اعظم مناہم بگْن (Menachem Begin) ان کو لے کر دیوار گریہ کے پاس گئے۔ یہودیوں کی نظر میں یہ ان کی سب سے زیادہ مقدس جگہ ہے۔ وہاں پہنچ کر جی کارٹر نے دعا کی ۔ انہوں نے اپنی دعا میں کہا کہ اے خدا ! عربوں کو اور اسرائیل کو امن تک پہنچنے میں مدد دے۔ بگْن جو پاس ہی کھڑے تھے، انہوں نے فوراً کہا آمین۔ اس کے بعد جی کارٹر نے کہا کہ خدایا ! مصر کو اور اسرائیل کو پرامن طور پر ایک دوسرے کے ساتھ رہنے کی توفیق دے۔ بگْن نے کہا آمین۔ اس کے بعد جی کارٹر نے کہا کہ خدایا ! اسرائیلیوں کو بتا دے کہ وہ عربوں کو وہ تمام علاقے واپس کر دیں جن پر انہوں نے 1967ء کی جنگ میں قبضہ کیا ہے۔ یہ سنتے ہی بگْن کا لہجہ بدل گیا۔ انہوں نے کہا کہ جناب صدر، میں آپ کو یاد دلانا چاہتا ہوں کہ آپ ایک دیوار سے بات کر رہے ہیں۔ یہ لطیفہ خود عربوں کا مرثیہ ہے۔ سوال یہ ہے کہ 1967ء تک جو علاقے انہیں حاصل تھے، ان کو انہوں نے کیوں کر کھودیا۔ یہ صرف اپنی پرجوش حماقت سے۔ مصر کی عرب قیادت نے اولاً سوئز کو قبل از وقت قومی ملکیت میں لینے کا احمقانہ اقدام کر کے سارے یورپ کو اپنا مخالف بنا لیا۔ اس کے بعد صحرائے سینا سے اقوام متحدہ کے مشاہدین کو واپس کر کے اسرائیل کے لیے اقدام کے دروازے کھول دیے۔ اس طرح کی کچھ اور نادانیوں نے اسرائیل کو موقع دیا کہ وہ یورپ کی مدد سے مصر پر حملہ کرے اور اس کی فوجی طاقت کو توڑ دے۔ اگر نااہل عرب قیادت احمقانہ غلطی نہ کرتی تو یہ علاقے تو اسے از خود حاصل تھے۔ مسلمان عام طور پر قدس کے مسئلہ کو قبلۂ اول کی بازیابی کا مسئلہ سمجھتے ہیں۔ مگر یہ بات کسی اعتبار سے بھی درست نہیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مکہ میں 13 سال تک کعبہ کی طرف رخ کر کے عبادت کرتے رہے۔ اس لیے ”قبلۂ اول“ کا لفظ اگر کسی کے لیے بولا جا سکتا ہے تو وہ خود کعبہ ہے۔ ہجرت کے بعد تقریباً 17 مہینہ تک آپ نے بیت المقدس کی طرف رخ کر کے نماز پڑھی۔ اس کے بعد تحویل قبلہ کا حکم آیا اور ہمیشہ کے لیے کعبہ مسلمانوں کا قبلۂ عبادت بن گیا۔ اس تاریخ کے مطابق، بیت المقدس قبلہ درمیانی ہے، نہ کہ قبلۂ اول۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page