سفرنامہ اسپین
Urdu book, p. 27
By Maulana Wahiduddin Khan
وضاحت کی۔ اس کو لوگوں نے بہت پسند کیا۔ میڈ رڈ کے اسپینی اخبار الکلا (Diaria De Alcala) کا شمارہ 29 نومبر 1994 کانفرنس نمبر کے طور پر شائع کیا گیا تھا۔ اس نے نمایاں انداز میں صفحہ اول پر میری تنہا تصویر شائع کی۔ اخبار کا یہ شمارہ مجھے یروشلم کے آوی شاکیت (Avi Shoket) نے لا کر دیا تھا۔ یہ اور اس سلسلہ کے بعض دوسرے اسپینی اخبار اسلامی مرکز کے دفتر میں بطور ریکارڈ موجود ہیں۔ 29 نومبر کو میں نے اپنا جو پیپر پیش کیا تھا، اس کے ساتھ لوگوں نے نہایت دلچسپی کا اظہار کیا۔ کچھ لوگوں نے مجھ سے اس کی کاپیاں مانگیں۔ ایک خاتون ورکر نے مجھ سے میرا نسخہ لیا اور یونیورسٹی کے دفتر میں جا کر اس کی کئی فوٹو کاپی نکلوائی اور لوگوں کے درمیان تقسیم کر دی۔ 28 نومبر کی شام کو اجلاس کی کارروائی ختم ہونے کے بعد تمام شرکاء یونیورسٹی سے واپس ہو کر اپنے ہوٹل کے کمروں میں آگئے۔ اس کے بعد 9 بجے رات کو دوبارہ کھانے کے لیے روانگی ہوئی۔ اس کا انتظام اسپین کے ایک وزیر کی طرف سے ایک خصوصی گارڈن میں کیا گیا تھا۔ یہاں مختلف لوگوں سے ملاقاتیں ہوئیں۔ کھانے سے فراغت کے بعد واپسی ہوئی تو گاڑی میں ایک صاحب کا ساتھ ہو گیا۔ انہوں نے اپنا نام خواکین لومبا بتایا۔ وہ سر قسطہ (اسپین) کی یونیورسٹی میں مسلم فلسفی کے پروفیسر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ مشہور مسلم فلسفی ابن باجہ کے ہم وطن ہیں اور انہوں نے ابن باجہ پر ریسرچ کرکے ایک کتاب شائع کی ہے۔ میں نے پوچھا کہ آپ کے شعبہ میں کتنے طالب علم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً دو سو طلبہ ہیں۔ انہوں نے اپنا نام عربی میں لکھ کر مجھے دیا۔ ان کا پورا نام اور پتہ یہ ہے: Joaqvin Lomba, Professor of Muslim Philosophy university of Zaragoza 50005-Zaragoza, Spain. خواکین لومبا ابن باجہ کی بہت تعریف کرتے رہے۔ ابن باجہ (Avempace) اسپین کے شہر سرقسطہ (Zaragoza) میں 1095ء میں پیدا ہوا اور مراکو کے شہر فاس میں 1139ء میں اس کی وفات ہوئی۔ وہ ابن طفیل اور ابن رشد کی طرح ایک عظیم فلسفی سمجھا جاتا ہے۔ اگرچہ کچھ لوگ اس کو ملحد قرار دیتے ہیں۔ پروفیسر خواکین لومبا عربی بھی جانتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اقبال نے لکھا ہے کہ

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader