Urdu book · سفرنامہ اسپین و فلسطین

سفرنامہ اسپین

Urdu book, p. 57

By Maulana Wahiduddin Khan

عرب جنرل طارق بن زیاد سات ہزار کی فوج کے ساتھ 711ء میں اسپین میں داخل ہوا تھا۔ وہ خشکی کے راستے سے مراکو کے ساحل پر پہنچا۔ پھر سمندری پٹی کو پار کر کے اس مقام پر اترا جس کو جبرالٹر کہا جاتا ہے۔ اس نے شاہ لذر یق (شاہ اسپین) کو شکست دے کر قرطبہ اور دوسرے شہروں کو فتح کیا۔ طارق نے اپنا یہ سفر گھوڑوں اور کشتیوں کے ذریعے طے کیا تھا اور اس کو اس سفر میں مہینوں لگ گئے ۔ میں 27 نومبر کی صبح کو دہلی سے روانہ ہوا اور اسی دن اسپین کی سرزمین پر پہنچ گیا۔ یہ فرق ٹیکنیکل ترقی کا کرشمہ ہے۔ قدیم زمانہ کا انسان حیوانی حرکت کی رفتار سے سفر کرتا تھا۔ آج کا سفر اس رفتار کے ذریعہ طے ہوتا ہے جس کو مشینی حرکت (Powered motion) کہا جاتا ہے۔ مشینی حرکت پہلے دخانی انجن کی صورت میں ظاہر ہوئی۔ پھر پٹرول سے چلنے والی کاریں بنائی گئیں۔ اب انسان ہوائی جہاز کی تیز رفتاری کے ساتھ اپنا سفر طے کرتا ہے۔ ہوائی جہاز بھی اچانک نہیں بن گیا۔ بہت سی منزلیں طے کرنے کے بعد وہ موجودہ ترقی یافتہ صورت تک پہنچا ہے۔ اسپین میں مسلمان صرف سیاسی فاتح کی حیثیت سے نہیں آئے بلکہ وہاں وہ تعمیر نو کے نقیب بن کر داخل ہوئے۔ اسپین کے شہروں (بلنسہ، قرطبہ، طلیطلہ، غرناطہ) میں انہوں نے بڑے بڑے تعلیمی ادارے قائم کئے جہاں اسپین کے علاوہ دوسرے یورپی ملکوں کے طلبہ آ کر علم حاصل کرتے تھے۔ انہوں نے اسپین کی زرخیز زمین میں ہر قسم کی زراعت اور صنعت قائم کر کے اس کو قابل استعمال بنایا۔ انہوں نے اسپین کی آبادیوں کو زیادہ بہتر شہری انتظام دیا۔ مسلمانوں نے اپنے دور حکومت (711ء تا 1492ء) میں یہاں کی زندگی پر اتنا گہرا اثر ڈالا کہ آج تک اس کے اثرات ختم نہ ہو سکے۔ مثلاً اسپینی اور پرتگالی زبان میں چار ہزار ایسے الفاظ پائے جاتے ہیں جن کی اصل عربی ہے۔ اسپینی ڈکشنری اور پرتگالی ڈکشنری میں یہ الفاظ با قاعدہ طور پر داخل کر لیے گئے ہیں۔ یہاں کی سڑکوں پر دوڑتی ہوئی جدید کاروں کے پیچھے جگہ جگہ مسلم طرز تعمیر کے نمونے دکھائی دیتے ہیں۔ وغیرہ طارق بن زیاد (فاتح اسپین) موسیٰ بن نصیر کا ماتحت اور ان کا آزاد کردہ غلام تھا۔ ابن کثیر نے الذہبی کے حوالہ سے نقل کیا ہے کہ طارق بن زیاد طنجہ (افریقہ) کا امیر تھا۔ وہ وہاں موسیٰ بن نصیر کے

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page