سفرنامہ اسپین
Urdu book, p. 94
By Maulana Wahiduddin Khan
شکستوں کو اعدائے اسلام کی سازش کے خانہ میں ڈالے ہوئے ہیں۔ حالانکہ قرآن کے مطابق، ایسے تمام واقعات خود خدا کے فیصلہ کے تحت پیش آتے ہیں۔ وہ ایام العداء نہیں ہیں بلکہ وہ ایام اللہ ہیں۔ طرزِ فکر کا یہ فرق بے حد فیصلہ کن ہے۔ سیاسی فتح و شکست کے واقعات کو اگر ایام العداء سمجھا جائے تو اس سے فریاد اور احتجاج کا ذہن بنتا ہے۔ جو صرف مزید نقصان کا باعث ہے۔ اس کے برعکس اگر ان واقعات کو ایام اللہ سمجھا جائے تو قوانینِ فطرت پر غور کرنے کا مزاج بنے گا۔ پیش آنے والے مسئلہ کو ظلم کے بجائے چیلنج کے روپ میں لیا جائے گا۔ لوگوں کی ساری توجہ اپنی کمیوں کو دور کرنے اور از سرِ نو زیادہ مؤثر منصوبہ بندی میں لگ جائے گی۔ یہاں تک کہ ہاری ہوئی بازی دوبارہ نئی شان کے ساتھ جیت لی جائے گی۔ یہی مطلب ہے وَأَنْتُمُ الْأَعْلَوْنَ إِنْ كُنْتُمْ مُؤْمِنِينَ (3:139) کا۔ یعنی تم ہی غالب رہو گے اگر تم مومن ہو۔ اُردن کے عربی میگزین الاجنحة (مارچ 1990ء) میں ایک بار میں نے ایک مصری خاتون لیما نبیل کا مضمون پڑھا۔ انہوں نے اسپین کا سفر کیا تھا اور وہاں عرب دور کے پرعظمت آثار دیکھے تھے۔ انہوں نے لکھا تھا کہ یہاں میں نے تاريخ النصر العربی کو بھی دیکھا اور تاریخ الذل العربی کو بھی۔ مضمون کے مطابق، انہوں نے رو کر اپنے آپ سے کہا کہ عرب کی یہ تاریک رات آخر کب تک باقی رہے گی (الیٰ متی سیستمر هذا اللیل العربی)۔ اس کے برعکس راقم الحروف نے جب اسپین کا سفر کیا تو میں نے اللہ کا شکر ادا کیا کہ اسپین میں مسلم رات ختم ہوگئی اور وہاں صبح کا آغاز ہو چکا ہے۔ ہر واقعہ میں تاریک رخ بھی ہوتا ہے اور روشن رخ بھی۔ آپ کے اندر منفی طرزِ فکر ہو تو آپ تاریک رخ کو دیکھیں گے اور مثبت طرزِ فکر ہو تو روشن رخ کو۔ 1976ء کے موسمِ خریف میں حکومتِ اسپین کے زیرِ انتظام ایک پانچ روزہ کانفرنس منعقد ہوئی جس کا عنوان تھا: المؤتمر الأول لتاريخ اسبانيا۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ اسپین کی تاریخ میں اپنی نوعیت کی اس پہلی عالمی کانفرنس کے ایجنڈہ میں جن شہروں کو خصوصی بحث و تحقیق کا موضوع بنایا گیا، ان میں نہ میڈرڈ کا نام تھا، جو موجودہ اسپین کا سیاسی مرکز ہے، نہ برشلونسہ شامل تھا جو اسپین کے ثقافتی مرکز کی حیثیت رکھتا ہے بلکہ صرف ان شہروں کے تاریخی و تہذیبی پہلوؤں کو نمایاں کیا گیا جن کا

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader