Urdu book · سوال و جواب

سوال و جواب

Urdu book, p. 215

By Maulana Wahiduddin Khan

سوال میں نے ایک کتاب لکھنی شروع کی ہے جس کا عنوان ہے رسول اللہ ﷺ کی سنتیں، سائنسی وجوہات اور اُخروی فائدے۔ میں یہ چاہتا ہوں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقوں کو سائنسی نظریے کی روشنی میں لوگوں کے سامنے پیش کروں تا کہ کلمہ میں جو کہی گئی ہے کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقے ہی میں کامیابی ہے اور دوسروں کے طریقوں میں ناکامی ہے، لوگ اس سے فائدہ اٹھا سکیں اور اس طرح میں ایک بہترین کتاب کی شکل میں اسے لوگوں کے سامنے پیش کروں۔ میں چاہتا ہوں کہ آپ تھوڑی مدد کریں۔ بتائیں کہ اس سلسلہ میں آپ کی کون سی کتابوں کا مطالعہ کروں اور کیسے اس مشن کو آگے بڑھاؤں۔ (ایک قاری الرساله، ناگ پور) جواب کتاب پوچھ کر نہیں لکھی جاتی۔ کتاب خود طوفانی احساس کے تحت لکھی جاتی ہے۔ مولانا سید سلمان ندوی سے کسی نے پوچھا کہ میں کب لکھوں۔ انہوں نے جواب دیا کہ اتنا پڑھو، اتنا پڑھو کہ اُبلنے لگے۔ اس کے بعد لکھو۔ اکثر لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں کہ میں مصنف بننا چاہتا ہوں، اس کی تدبیر بتائیے۔ میرا جواب ہمیشہ یہ ہوتا ہے کہ اس طرح کوئی شخص مصنف نہیں بن سکتا۔ حقیقت یہ ہے کہ تحریر مشکل ترین آرٹ ہے۔ جو آدمی واقعی معنوں میں اس آرٹ کو جانتا ہو اسی کو کتاب لکھنا چاہئے۔ بقیہ لوگوں کے لئے کتاب پڑھنا ہے، نہ کہ کتاب لکھنا۔ سوال ایک فیکٹری میں مختلف مذاہب کے لوگ کام کرتے ہیں۔ وہاں میرے ماموں زاد بھائی بھی ایک ورکر کی حیثیت سے ہیں۔ جب میں ان سے ملاقات کے لئے گیا تو وہاں پر موجود دوسرے لوگوں نے مجھ سے اسلام کے متعلق سوالات کئے۔ میں نے اپنے علم کے مطابق، ان کے سوالات کے جواب دئے۔ ان سوالات میں سے ایک سوال یہ تھا کہ مسلمان بے رحم اور خونخوار قوم ہے اس لئے کہ ان کی مذہبی کتاب قرآن نے خون بہانے یعنی جانوروں کو ذبح کر کے کھانے کا حکم دیا ہے جو کہ غلط ہے۔ مزید یہ انسانیت کے خلاف ہے اور بے رحمی کا ثبوت بھی۔ میں نے حتی الامکان ان کے سوال کا جواب دینے کی کوشش کی مگر انہیں تسلی نہ ہوسکی۔ آپ اس سوال کا فکری جواب وضاحت کے ساتھ لکھیں (جاوید انجم سہراب علی، نئی دہلی)

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page