دینی تعلیم
Urdu book, p. 108
By Maulana Wahiduddin Khan
خدا کو پانے والے خدا کا بندہ وہ ہے جس نے خدا کو ان عظمتوں کے ساتھ پایا ہو جس کے اثرات اس ہیجان خیز کیفیت میں ڈھل جاتے ہیں جس کو خدا کی یاد کہا گیا ہے۔ جو خدا کو اس طرح دیکھے کہ اس کی ہیبت سے اس کا دل دہل اٹھے اور اس کے جسم کے رونگٹے کھڑے ہو جائیں۔ خدا کو پانے والا وہ ہے جو سب سے زیادہ خدا سے ڈرے اور سب سے زیادہ خدا سے محبت کرے، جس کا یہ حال ہو کہ صرف ایک خدا اس کی تمام تو جہات کا مرکز بن جائے۔ ایسا آدمی قرآن کو پڑھتا ہے تو اس کی روح پکار اٹھتی ہے کہ خدایا یہ تیرا کتنا بڑا احسان ہے کہ تو نے میری ہدایت کا ایسا انتظام کیا ورنہ میں جہالت کے اندھیروں میں بھٹکتا رہتا۔ وہ رسول کی سنت کو دیکھتا ہے تو اس کا وجود اس دریافت سے سرشار ہو جاتا ہے کہ یہ خدا کا کیسا غیر معمولی انتظام ہے کہ اس نے پیغمبر کی زندگی میں ہدایت کا بے داغ نمونہ قائم کیا اور پھر تاریخ میں اس کو روشنی کے ابدی مینار کی صورت میں محفوظ کر دیا۔ جب وہ سجدہ کرتے ہوئے اپنا سر زمین پر رکھتا ہے تو اس کو یہ احساس ہونے لگتا ہے کہ اس کے رب نے اس کو اپنی رحمت کے آغوش میں لے لیا ہے۔ جب وہ کوئی غذا اپنی حلق کے نیچے اتارتا ہے تو اس کی پوری ہستی میں اس احسان مندی کی لہر دوڑ جاتی ہے کہ کیسا عجیب ہے وہ خدا جس نے میرے جسم کی پرورش کے لئے ایسی مکمل غذا کا اہتمام کیا۔ جب وہ پانی پیتا ہے تو اس کی آنکھوں سے ایک اور جھرنا بہہ پڑتا ہے اور وہ بے اختیار ہو کر کہہ اٹھتا ہے کہ خدایا اگر تو مجھے سیراب نہ کرے تو میں سیراب ہونے والا نہیں، اگر تو مجھے پانی نہ دے تو کہیں سے مجھ کو پانی ملنے والا نہیں۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader