سوشلزم کا حل
Urdu book, p. 143
By Maulana Wahiduddin Khan
مثال پروٹسٹنٹ پادری ٹاٹ (Todt) کی کتاب ہے جو 1866ء میں شائع ہوئی تھی۔ اس کتاب میں مصنف نے انجیل کے سینکڑوں اقتباسات پیش کئے ہیں جن کا مقصد عیسائیت کے بنیادی خیالات کو اشتراکی اصول کے مطابق ثابت کرنا ہے۔ ٹاٹ اپنی کتاب ان الفاظ سے شروع کرتا ہے: " جو شخص سماجی مسائل کو سمجھنا اور حل کرنا چاہتا ہے، اسے چاہئے کہ اپنے ایک ہاتھ کی طرف اقتصادیات و معاشیات کی کتاب دوسرے ہاتھ کی جانب اشتراکیت کا علمی ادب اور سامنے عہد نامہ جدید کھول کر رکھ لے:" فرانس اور انگلستان میں خاص طور پر عیسائی اشتراکیت کے بہت سے بڑے بڑے حامی پیدا ہوئے۔ فرانس کا مشہور اشتراکی مفکر سین سائن (St. Simon) اپنی تصنیفات میں بار بار عیسائی تعلیم کے حوالے دیتا ہے۔ وہ سوشلزم کو جدید عیسائیت کی تکمیل تصور کرتا تھا۔ انگلستان کے سرکاری گرجا کا پادری فریڈرک مورس (Friedric Denison Maurice) جو آخر عمر میں کیمبرج میں فلسفۂ اخلاق کا پروفیسر ہو گیا تھا اور 1872ء میں جس کا انتقال ہوا، وہ کہتا ہے کہ "عیسائیت کو کسی خوف و خطر کے بغیر یہ اعلان کر دینا چاہئے کہ اشتراکیت کے اقتصادی اصول عین انجیل کے اصول ہیں، انسانی جماعت ایک جسم کی مانند ہے جو بہت سے اعضا سے ترتیب دیا گیا ہے، وہ ایک ایسا گل نہیں ہے جس کے اجزا ر ایک دوسرے کی بربادی پر ٹکے ہوئے ہوں۔ اس کے اعضا ایک دوسرے کے حریف ہونے کے بجائے ایک دوسرے سے مل کر کام کرنے والے ہونے چاہئیں۔" چنانچہ مورس اور کنگلے (Kingsley) کے مقلدین اور دوسرے اس خیال کے لوگ اپنے کو " عیسائی اشتراکی" (Christian Socialist) کہتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ عیسائیت اتحادِ عمل کو واحد جائز اصول مانتی ہے اور اسی لئے وہ بھی اشتراکیت سے قریب ہے۔ چونکہ ہم عیسائی ہیں اس لئے ہم کو اشتراکی ہونا چاہئے۔ اسی طرح انگلستان میں لارڈ بشپ ویسٹ کاٹ (Lord Bishop Westkott) عیسائی اشتراکیت کا حامی تھا۔ اکتوبر 1890ء میں انگریزی سرکاری گرجا کی سالانہ کانفرنس (Church Congress) میں تقریر کرتے ہوئے اس نے سوال کیا "کیا ہمارے شہروں اور قصبوں کی حالت عین خدا کی مرضی کے مطابق پائی جاتی ہے،" پھر خود ہی اس کا جواب دیا " موجودہ تقسیمِ دولت کا معیار امیروں کے لئے بھی ویسا ہی خطرناک ہے جیسا کہ وہ غریبوں کے لئے ہے جو بھوک کے مر رہے ہیں۔ صرف انجیل کے اصل مقصد کے مطابق سوسائٹی کا جدید اشتراک کی نظام ہی ایسی حالت میں ہماری مدد کر سکتا ہے۔" لندن میں سٹی ٹیمپل کے پادری کیمبل (Rev. J. Campbell)

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader