Urdu book · تعبیر کی غلطی

تعبیر کی غلطی

Urdu book, p. 324

By Maulana Wahiduddin Khan

کوئی شخص دوسرا تصور لے کر قرآن کو پڑھتا ہے تو اس میں اسے اپنے جذبات کی تسکین نہیں ملتی۔ قرآن میں اس کو دین ٹھیک اس شکل میں نظر نہیں آتا جس شکل میں وہ اپنے ذہن کے اندر اسے محسوس کرتا ہے، اس بنا پر اس کے اندر کچھ اس قسم کی کیفیت پیدا ہونے لگتی ہے جس کو قرآن میں اشمئزاز کہا گیا ہے (الزمر، 39:45)۔ اس کے برعکس، اپنی پسندیدہ تشریح کے تحت پیدا شدہ لٹریچر سے اسے بہت زیادہ دلچسپی ہوتی ہے۔ کیوں کہ وہاں اس کے جذبات کو پوری طرح تسکین ملتی ہے۔ وہاں دین اسے عین اس تصور کے مطابق نظر آتا ہے، جو اس نے اپنے ذہن میں قائم کر رکھا ہے۔ آپ کو ایسے افراد ملیں گے جن کو سیرۃ النبی اور اسوۂ صحابہ جیسی کتابیں پڑھنے کے لیے دی جائیں تو وہ ان کو ختم کیے بغیر واپس کر دیں۔ اس کے برعکس، عبد الحلیم شرر کے ’’اسلامی ناولوں‘‘ کو وہ اس طرح پڑھتے ہیں کہ جب تک ختم نہیں کر لیتے انھیں چین نہیں آتا۔ اس کی وجہ یہی ہے کہ اسلامی تاریخ کو جس رنگین صورت میں وہ دیکھنا چاہتے ہیں، وہ خالص تاریخی کتابوں میں نہیں ملتی۔ ان کو اسلام کی واقعی تاریخ سے زیادہ اپنے مخصوص ذوق سے دلچسپی ہے۔ اس لیے وہ تاریخ سے زیادہ تاریخی ناول پسند کرتے ہیں۔ دین کو اپنے ذہنی سانچے میں ڈھالنا آدمی جس قسم کی تعبیر سے متاثر ہو، وہ ہر مسئلے کو اسی رنگ میں دیکھنا چاہتا ہے۔ مثلاً سیاست، دین کا ایک لازمی جزء ہے۔ لیکن اگر آپ اس کو اس کے اصل مقام سے ہٹا کر مرکزی جگہ رکھ دیں اور دین کی ایسی تشریح کریں کہ سیاسی انقلاب ہی اسلامی تحریک کا آخری مقصود نظر آنے لگے، تو یقینی طور پر آپ کے سوچنے کا انداز بدل جائے گا۔ آپ دوسری تمام چیزوں کی ے ۔ اشمئزاز۔ از یعنی انقباض۔ یہاں میں یاد دلانا چاہتا ہوں کہ یہ ایک خالص نفسیاتی کیفیت ہے، اور ضروری نہیں کہ آدمی کو اس کا واضح شعور حاصل ہو۔ اس قسم کی کیفیات اکثر لاشعور میں پیدا ہوتی ہیں، اس کا واقعی علم آدمی کو صرف اس وقت ہوتا ہے جب وہ اپنی اس غلطی کا شعوری ادراک کرلے اور اس سے باہر نکل آئے۔ ایک آدمی کسی شخص سے بری طرح متاثر ہو اور اپنے ذہن سے سوچنے کے بجائے اس کے ذہن سے سوچنے لگا ہو تو آپ کبھی اسے قائل نہیں کر سکتے کہ وہ شخصیت پرستی میں گرفتار ہے۔ اپنی اس بیماری کا علم تو آدمی کو صرف اس روز ہوتا ہے جب وہ اس سے باہر نکل آئے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page