Urdu book · تعبیر کی غلطی

خط و کتابت مولانا جلیل احسن ندوی

Urdu book, p. 66

By Maulana Wahiduddin Khan

میں نے ایک مسئلہ واضح شکل میں ان کے سامنے رکھا ہے، تو ان کو اس مخصوص مسئلہ سے متعلق سوالات کرنے چاہئیں ۔ اس سلسلے میں آپ لکھتے ہیں : "مولانا جلیل احسن نے لکھا ہے کہ انہوں نے جو سوالات آپ کے پاس بھیجے ہیں وہ قطعاً غیر متعلق نہیں ہیں نہ پہلے سوال نامہ کے اور نہ دوسرے کے، تاہم ان کا متعلق ہونا واضح نہ ہو تو اس بارے میں آپ ان سے دریافت کر سکتے ہیں ۔“ عرض ہے کہ جو کچھ ان کے اپنے ذہن میں ہے، اس کے لحاظ سے ان کا یہ جواب صحیح ہوگا، مگر میرے سامنے تو صرف ان کا سوال نامہ ہے، اور جہاں تک سوال نامہ کا تعلق ہے، اس میں قطعاً یہ نہیں بتایا گیا کہ ان سوالات کا اصل مسئلہ سے کیا تعلق ہے۔ میرا دعوی یہ نہیں ہے کہ ان کے سوالات ان کے اپنے نزدیک بھی میرے مسئلہ سے متعلق نہیں ہوں گے ۔ میرا کہنا صرف یہ ہے کہ انہوں نے اپنے سوال نامہ میں اس تعلق کا کوئی ذکر نہیں کیا ہے، اور ظاہر ہے کہ جو کچھ ان کے ذہن میں ہے، اس کو معلوم کرنے کا کوئی ذریعہ میرے پاس نہیں ۔ اگر وہ اصل مسئلہ سے تعلق کو واضح کرتے ہوئے سوالات کریں تو میں ان شاء اللہ آخر وقت تک ان سے مراسلت کروں گا۔ مگر ایسے سوالات جن کا زیر بحث مسئلہ سے متعلق ہونا اپنے ذہن میں رکھا گیا ہو اور سوال نامہ میں اس تعلق کو بالکل واضح نہ کیا گیا ہو، میں ان کو اپنے لیے لا حاصل سمجھتا ہوں اور ایسے مجرد سوال و جواب میں دلچسپی لینے سے اپنے کو معذور پا تا ہوں ۔ مجھے یقین ہے کہ کوئی بھی تیسرا شخص اس معاملے میں جلیل احسن صاحب کو حق بجانب قرار نہیں دے سکتا۔ براہ کرم آپ انھیں لکھ دیں کہ وہ اصل مسئلہ سے تعلق کو واضح کرتے ہوئے سوالات روانہ فرمائیں تاکہ یہ سلسلہ جاری رہ سکے اور ان پر نصح اور تبلیغ حق کی جو ذمے داری آتی ہے، وہ ادا ہو جائے اور میں بھی ان کے خیالات کی روشنی میں اپنے معاملہ پر غور کر سکوں۔ خادم وحید الدین

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page