Urdu book · تبلیغی تحریک

سادگی کی اہمیت

Urdu book, p. 90

By Maulana Wahiduddin Khan

سادگی کی اہمیت لارڈ ماؤنٹ بیٹن کی یادیں Lord Mountbatten Remembers کے نام سے بی بی سی نے ایک ڈکو منٹری فلم پیش کی ہے۔ اس میں بہت سے دلچسپ واقعات ہیں۔ لارڈ ماؤنٹ بیٹن نے بتایا کہ برطانیہ کی ملکہ الزبتھ کی شادی جب پرنس فلپ سے ہوئی تو گاندھی جی نے ملکہ الزبتھ کو اس موقع پر ایک تحفہ بھیجا تھا۔ یہ ایک میز پوش تھا جو گاندھی جی کے اپنے ہاتھ سے کاٹے ہوئے سوت سے تیار کیا گیا تھا۔ ظاہر ہے کہ یہ ایک بھدی چٹائی کی مانند تھا۔ تاہم ملکہ برطانیہ نے اس کو قبول کر لیا۔ لارڈ ماؤنٹ بیٹن کہتے ہیں کہ کچھ سال بعد انھوں نے برٹش میوزیم میں گاندھی جی کی یادگاری اشیاء کی نمائش کی تو تلاش کے باوجود ان مذکورہ چٹائی نہ مل سکی۔ انھوں نے سوچا کہ شاید حفاظت کے خیال سے اس کو ٹاور آف لندن میں بھیج دیا گیا ہو۔ مگر وہاں بھی اس کا سراغ نہ مل سکا۔ آخر اس کا ذکر ملکہ الزبتھ سے ہوا۔ ملکہ نے اپنا ایک خاص دراز کھول کر وہ چٹائی نکالی اور اس کو دیتے ہوئے کہا: آپ نے مجھ سے کیوں نہیں کہا۔ میں نے تو اس کو اپنے پاس حفاظت سے رکھ لیا تھا تا کہ کسی کا ہاتھ اس کو لگنے نہ پائے (ٹائمز آف انڈیا ۱۱ نومبر ۱۹۸۰) Oh, why didn't you ask me, I let nobody else touch that. I keep that myself. ملکہ برطانیہ نے کھدر کی ایک بھدی چٹائی کو محفوظ رکھنے کا اتنا اہتمام کیوں کیا۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ اس کے ”بھدے پن“ میں ان کو تقدس کی جھلک دکھائی دے رہی تھی۔ تبلیغی جماعت کے کچھ لوگ لندن گئے۔ وہ اپنے لمبے کرتے، اونچے پائجامہ اور گول ٹوپی میں بظاہر وہاں عجیب سے معلوم ہوتے تھے۔ مگر اس کے باوجود انگریز ان کا بہت ادب کرتے تھے۔ ایک بار ان لوگوں نے کسی پارک میں نماز پڑھی۔ وہ نماز پڑھ کر بیٹھے ہوئے تھے کہ ایک انگریز آیا اور ان کی بیٹھ پر اپنے دونوں ہاتھ پھیر کر اپنے ہاتھوں کو چوم لیا۔ ایک شخص نے پوچھا: تم ان لوگوں کا اتنا احترام کیوں کرتے ہو۔ اس نے جواب دیا: یہ لوگ اپنے اس حلیہ میں ہم کو عیسیٰ اور موسیٰ کی طرح دکھائی دیتے ہیں: They are just like Jesus and Moses. فیشن اور شیپ ٹاپ میں اگر شان کا پہلو ہے تو سادگی میں اس سے بھی زیادہ بڑا ایک پہلو ہے اور وہ تقدس ہے۔ سادگی اگر روحانیت کے ساتھ ہو تو وہ دیکھنے والوں کے لئے مقدس چیز بن جاتی ہے اور لوگوں کے حق میں روایتی اہتمام سے زیادہ مؤثر ثابت ہوتی ہے۔ فیشن اور میک اپ کے متعلق ہر آدمی جانتا ہے کہ یہ بازار سے خریدی ہوئی چیزیں ہیں اس لئے ان کو دیکھ کر کسی کے اوپر غیر معمولی تاثر قائم نہیں ہوتا۔ مگر سادگی کے انداز میں تقدس کا پہلو ہے اس کی وجہ سے سادگی کو دیکھ کر فوراً احترام کا جذبہ ابھر آتا ہے، جو یقیناً پہلے جذبہ سے کہیں زیادہ اہم ہے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page