تعمیر حیات
Urdu book, p. 209
By Maulana Wahiduddin Khan
وہ ممکن نہ ہو تو آپ کو پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔ اس دنیا میں کسی کو یہ طاقت حاصل نہیں کہ وہ اپنے الفاظ کو واقعہ بنا سکے۔ یہاں جو چیز واقعہ بنتی ہے وہ حقائق ہیں، نہ کہ کسی کے بولے ہوئے الفاظ۔ بالواسطہ فائدہ اگر آپ اپنے کھیت میں دال کی فصل بوئیں تو اس کا ایک براہ راست فائدہ ہو گا اور دوسرا بالواسطہ فائدہ۔ براہ راست فائدہ یہ ہے کہ آپ کو اس سے دال کی فصل ملی۔ بالواسطہ فائدہ یہ ہے کہ اس کی جڑوں میں بیکٹیریا جمع ہوئے اور انھوں نے ہوا سے نائٹروجن لے کر زمین میں شامل کیا۔ اس طرح آپ کے کھیت کو نائٹروجن کی کھاد حاصل ہو گئی۔ اسی طرح ہر عمل کا کچھ براہ راست فائدہ ہے اور کچھ بالواسطہ فائدہ۔ لوگ عام طور پر صرف براہ راست فائدہ کو دیکھتے ہیں۔ بالواسطہ فائدہ ان کی نظروں سے اوجھل رہتا ہے۔ براہ راست فائدہ کو پیشانی کی آنکھ سے دیکھا جا سکتا ہے۔ مگر بالواسطہ فائدہ کو دیکھنے کے لیے عقل و بصیرت کی ضرورت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ لوگ صرف پہلے فائدہ کو دیکھ پاتے ہیں۔ اور دوسرے فائدہ کو دیکھنے اور جاننے سے محروم رہتے ہیں۔ اس دنیا میں بڑی کامیابیاں صرف ان لوگوں کے لیے مقدر ہیں جو براہِ راست فائدہ سے اوپر اٹھ کر بالواسطہ فائدوں کو دیکھنے والی نگاہ رکھتے ہوں۔ کسی عمل سے براہِ راست فائدہ عام طور پر بہت کم ہوتا ہے۔ اس کا زیادہ فائدہ وہ ہے جو بالواسطہ طور پر برآمد ہوتا ہے۔ بالواسطہ فائدے نہ صرف یہ کہ آنکھوں سے چھپے ہوتے ہیں مزید یہ کہ وہ نسبتاً زیادہ دیر میں ظاہر ہوتے ہیں۔ بالواسطہ فائدے بلاشبہ براہِ راست فائدہ سے بہت زیادہ اہم اور عظیم ہوتے ہیں۔ براہِ راست فائدہ کی گنتی کی جاسکتی ہے مگر بالواسطہ فائدہ کی گنتی کرنا ممکن نہیں۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader