Urdu book · تعمیر حیات

بالواسطہ فائدہ

Urdu book, p. 210

By Maulana Wahiduddin Khan

آپ کے گھر کے سامنے کی سڑک پر کوڑے کا ڈھیر ہو اور آپ اس کو صاف کرا دیں تو اس کا براہ راست فائدہ یہ ہے کہ آپ کے گھر کا سامنا صاف ہو گیا۔ مگر اس کا جو بالواسطہ فائدہ ہے وہ اس سے بہت زیادہ ہے۔ اس عمل نے آپ کے اندر مثبت طرزِ فکر پیدا کیا۔ آس پاس کے ماحول میں آپ کا وقار بڑھ گیا۔ سماج میں تعمیری قدروں کو فروغ حاصل ہوا۔ اخلاقی روایات قائم ہونے میں مدد ملی۔ لوگوں کی دعائیں آپ کو ملنے لگیں۔ اس کے نتیجے میں لوگوں کے درمیان آپ کا اعتماد قائم ہو گیا۔ اس کے بعد اگر آپ اپنے علاقے میں کوئی مفید کام کرنا چاہیں تو فوراً بہت سے لوگ آپ کے مددگار بن جائیں گے کیونکہ آپ کے مذکورہ عمل کے بعد آپ نے لوگوں کے دل میں اپنے لیے ایک با عزت جگہ بنا لی تھی۔ جو لوگ کام کے صرف براہ راست فائدہ کو دیکھ پائیں وہ صرف چھوٹا کام کر پاتے ہیں، کوئی بڑا کام کرنا ان کے لیے مقدر نہیں۔ بڑا کام صرف ان لوگوں کے حصے میں آتا ہے۔ جو براہ راست فائدہ سے اٹھ کر بالواسطہ فائدہ کو دیکھنے کی نظر رکھتے ہوں۔ بالواسطہ فائدہ کو اہمیت دینے کے لیے ضروری ہے کہ آدمی کے اندر وسعت نظر ہو۔ وہ مستقبل کی خاطر حال کو نظر انداز کر سکتا ہو۔ وہ آئندہ کے فائدہ کی خاطر وقتی نقصان کو برداشت کر سکے۔ وہ ایک ایسے کام کو بھی کام سمجھے جس میں بظاہر دوسروں کو کریڈٹ ملنے والا ہو۔ وہ ایسی نظر رکھتا ہو جو نہ صرف دکھائی دینے والی چیزوں کو دیکھے بلکہ وہ اس سے آگے بڑھ کر نہ دکھائی دینے والی چیزوں کو دیکھ سکتی ہو۔ بالواسطہ فائدہ کے پیش نظر صرف وہ لوگ کام کر سکتے ہیں جن کے اندر دور اندیشی ہو۔ جو منصوبہ بند کام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں ۔ جو نہ صرف اپنی ذاتی خواہشات سے واقف ہوں بلکہ ان قوانین فطرت سے بھی واقف ہوں جو انسان سے باہر قائم ہیں اور خود اپنے طور پر چل رہے ہیں۔ آپ کو اگر بڑا کام کرنا ہے تو اس کے لیے سب سے پہلے بڑا دل پیدا کیجیے ۔ بڑے دل کے بغیر کبھی بڑا کام نہیں ہو سکتا۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page