Urdu book · تعمیر حیات

دل جیتنا

Urdu book, p. 235

By Maulana Wahiduddin Khan

اس دنیا میں ہر آدمی مجبور ہے کہ وہ دوسروں کے ساتھ مل جل کر زندگی گزارے، یہاں کسی کے لیے بھی تنہا زندگی گزارنا ممکن نہیں۔ ایسی حالت میں بار بار یہ سوال سامنے آتا ہے کہ دوسروں کے ساتھ رہنے کا کامیاب طریقہ کیا ہے۔ وہ یہ ہے کہ لوگوں کو جھکانے کی کوشش نہ کیجیے بلکہ خود جھک جائیے۔ لوگوں سے لینے کی کوشش نہ کیجیے بلکہ دینے والے بنیے۔ شکایتوں کو مسئلہ نہ بنائیے بلکہ شکایتوں کو بھول جائیے۔ اختلاف کوٹکراؤ کا موضوع نہ بنائیے بلکہ اختلاف کے باوجود لوگوں کے ساتھ اچھا معاملہ کیجیے۔ کوئی شخص بظاہر آپ کا دشمن نظر آئے تب بھی اس سے نفرت نہ کیجیے۔ یہی دل کو جیتنے کا طریقہ ہے اور جب دل کو جیت لیا جائے تو اس کے بعد کوئی اور چیز جیتنے کے لیے باقی نہیں رہتی۔ انتظار بھی حل ہے مختلف زبانوں میں جو مثلیں مشہور ہیں وہ دراصل لمبے انسانی تجربات کے بعد بنی ہیں۔ ان میں سے ہر مثل کامیابی کا ایک یقینی فارمولہ ہے۔ اسی طرح کی ایک انگریزی کہاوت یہ ہے—انتظار کرو اور دیکھو: Wait and see. امریکہ کا مشہور رائٹر ہنری ڈیوڈ تھارو (Henry David Thoreau) 1817 میں پیدا ہوا اور 1862 میں اس نے وفات پائی۔ اس کا ایک قول ہے کہ ہیرو وہ ہے جو یہ جانے کہ کہاں انتظار کرنا ہے اور کہاں جلدی کرنا ہے۔ ہر بھلائی اس انسان کے حصے میں آتی ہے جو دانش مندانہ طور پر انتظار کرے: The hero knows how to wait as well as to make haste. All good abides with him who waited wisely.

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page