Urdu book · تعمیر حیات

تعمیر حیات

Urdu book, p. 46

By Maulana Wahiduddin Khan

آپ کی گاڑی سامنے والی گاڑی سے ٹکرائی جائے گی۔ اس کے بعد آپ کا انجام یہ ہوگا کہ آپ منزل پر پہنچنے کے بجائے قبرستان میں پہنچ جائیں گے یا زخمی ہو کر اسپتال لے جائے جائیں گے۔ مگر جب آپ اپنی گاڑی کو کنارے کی طرف موڑ دیتے ہیں تو آپ کی گاڑی اور آپ دونوں محفوظ حالت میں منزل پر پہنچ جاتے ہیں۔ یہی اس دنیا میں زندگی کا راز ہے۔ سڑک پر کوئی سواری اکیلی نہیں ہوتی بلکہ اس کے ساتھ اور بہت سی سواریاں سڑک پر دوڑ رہی ہوتی ہیں۔ اس لیے ہر ایک کو دوسرے کا لحاظ کرنا پڑتا ہے۔ یہی معاملہ وسیع تر معنوں میں پوری انسانی زندگی کا ہے۔ موجودہ دنیا میں آپ اکیلے نہیں ہیں۔ بلکہ بہت سے دوسرے انسان بھی آباد ہیں۔ ہر ایک اپنی اپنی سرگرمیوں کو پوری طاقت کے ساتھ جاری کیے ہوئے ہے۔ ایسی حالت میں وسیع تر زندگی میں بھی کامیابی کا راز وہی ہے جو محدود معنوں میں سڑک کے سفر میں اختیار کیا جاتا ہے۔ یعنی دوسروں کی رعایت کرتے ہوئے اپنے مقصد کے لیے جدوجہد کرنا۔ آپ جس طرح اپنے جذبات کو جانتے ہیں اسی طرح آپ کو دوسرے کے جذبات کو بھی جاننا ہوگا۔ آپ جس طرح اپنے منصوبے کو جانتے ہیں اسی طرح آپ کو دوسروں کے منصوبے سے بھی واقف ہونا پڑے گا۔ آپ جس طرح اپنا فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں اسی طرح آپ کو یہ بھی جاننا ہوگا کہ دوسروں کے کیا مفادات ہیں اور وہ کس طرح ان کو حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ اس دنیا میں وہی لوگ کامیاب ہوتے ہیں جو اپنے آپ کو جاننے کے ساتھ دوسروں کو بھی جانیں۔ فطری طریقہ جب بھی قومی تعمیر کا کوئی ایسا منصوبہ سامنے لایا جائے جس میں لمبی مدت کی جد و جہد کے بعد نتیجہ نکلنے والا ہو تو لوگ فوراً کہہ دیتے ہیں کہ اس میں تو بہت وقت لگے گا، اور ہم کو لمبے انتظار کا موقع نہیں۔ مگر حقیقت یہ ہے کہ یہ ایک الٹا تبصرہ ہے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page