استقلال
Urdu book, p. 74
By Maulana Wahiduddin Khan
اس طرح بار بار جڑوں کے کٹنے کا نتیجہ یہ ہوگا کہ وہ اس قابل ہی نہیں رہے گا کہ زمین میں جماؤ حاصل کرنے اور پھر اوپر اٹھ کر فضا میں اپنی شاخیں پھیلائے۔ ایک آدمی پرائیویٹ ملازمت میں ہے۔ وہ اگر ایسا کرے کہ آئے دن ایک جگہ کو چھوڑ کر دوسری جگہ جائے تو وہ لوگوں کی نظر میں ہمیشہ بے قیمت بنا رہے گا۔ اگر وہ ایک جگہ وفاداری کے ساتھ رہتا تو وہاں اس کو قدردانی ملتی۔ اپنے عمل سے وہاں وہ اپنے مالک کا دل جیتتا اور پھر اس کو ترقی کا درجہ ملتا۔ لیکن جگہ بدلنے کی صورت میں وہ ہمیشہ پریشان رہے گا۔ وہ اپنے لیے ایک قابلِ اعتماد زندگی بنانے میں کامیاب نہیں ہوگا۔ اس دنیا میں استقلال کے بغیر کوئی کامیابی ممکن نہیں۔ ایک ڈاکٹر اگر بار بار اپنے کلینک کی جگہ بدلے۔ یا ایک دکان دار بار بار ایک دکان کو چھوڑ کر دوسری دکان شروع کرتا رہے تو نہ ایسا ڈاکٹر کبھی کامیاب ہوگا اور نہ ایسا دکان دار۔ دونوں ہی آخر کار ترقی سے محروم ہو کر رہ جائیں گے۔ کوئی آدمی جب ایک سماج میں رہتا ہے تو وہ اپنے کردار سے اپنی ایک تاریخ بناتا ہے۔ یہ تاریخ ہر انسان کا عظیم ترین سرمایہ ہے۔ اگر آپ کی یہ تاریخ بن جائے کہ آپ جھوٹ نہیں بولتے، آپ وعدہ خلافی نہیں کرتے، آپ خیانت نہیں کرتے۔ آپ کسی کے ساتھ بدخواہی کا معاملہ نہیں کرتے۔ آپ اپنے اصولوں سے کبھی نہیں ہٹتے، آپ جو کام کرتے ہیں ذمہ داری کے ساتھ کرتے ہیں، تو آپ کی یہ تصویر آپ کا سب سے بڑا سرمایہ ہوگی۔ مگر یہ تصویر اسی وقت بنے گی جب کہ آپ ایک جگہ دیر تک ٹھہریں۔ اگر آپ بار بار جگہ بدلیں تو لوگوں کی نظر میں آپ کی تصویر بھی نہیں بنے گی۔ آپ لوگوں کا اعتماد حاصل نہ کر سکیں گے اور اعلیٰ ترقی کے درجہ تک پہنچنے میں کبھی کامیاب نہ ہوں گے۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader