Urdu book · تعمیر حیات

تعمیر حیات

Urdu book, p. 97

By Maulana Wahiduddin Khan

نے انھیں شدید طور پر متاثر کیا۔ اور ان کو فوری فیصلے تک پہنچانے کا سبب بن گیا: برلا نے کمپنی کا کام چھوڑ دیا۔ اور ذاتی کاروبار کے میدان میں داخل ہو گئے۔ وہ یکسوئی کے ساتھ محنت کرتے رہے یہاں تک کہ وہ ملک کے عظیم صنعت کار بن گئے۔ زندگی میں حادثات کا پیش آنا بھی فطری ہے۔ دانش مند وہ ہے جس کے لیے حادثہ مزید ترقی کا زینہ بن جائے۔ مایوسی نہیں ایک شخص راستہ چل رہا تھا۔ اچانک اس نے محسوس کیا کہ اس کے آگے ایک کھائی ہے جس نے اس کے راستہ کو بند کر دیا ہے۔ اچانک اس کو محسوس ہوا کہ اب شاید اس کے لیے آگے بڑھنا ممکن نہیں۔ تھوڑی دیر ٹھہر کر اس نے سوچا۔ اس کی سمجھ میں آیا کہ اگر وہ چند قدم پیچھے چلا جائے تو عین ممکن ہے کہ اس کو دوسرا متبادل راستہ مل جائے۔ اس نے ایسا ہی کیا۔ وہ کچھ دور پیچھے چلتا تھا کہ اس کو ایک اور راستہ مل گیا۔ اس نے اس راستہ کو پکڑ لیا اور اس پر چلتا ہوا آگے نکل گیا۔ جب ایک راستہ آپ کو بند نظر آئے تو آپ مایوس نہ ہوں۔ اس دنیا میں ہر طرف راستے کھلے ہوئے ہیں۔ آپ اپنی قوتوں اور صلاحیتوں کو کام میں لا کر اس دوسری جانب سے اپنی منزل کو پہنچ سکتے ہیں۔ اس دنیا میں راستہ صرف اس انسان کے لیے بند ہے جو رکاوٹ کو جانے اور امکان کو نہ جانے۔ امکان کو جاننے والے کے لیے اس دنیا میں کبھی کوئی راستہ بند نہیں ہوتا۔ تاریخ میں بے شمار ایسی مثالیں موجود ہیں کہ ایک آدمی کو اپنے راستہ میں رکاوٹ پیش آئی یا کسی وجہ سے اس کا راستہ بند ہو گیا مگر وہ ہمت نہیں ہارا، اس نے اپنی عقل کو استعمال کیا۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page