Urdu book · تعمیر انسانیت

ترقی اور اتحاد

Urdu book, p. 143

By Maulana Wahiduddin Khan

کر رہی ہے۔ وہ ہمیشہ وہی مطلوبہ نتیجہ برآمد کرتی ہے جس کی اس سے امید کی گئی ہے۔ اس کے برعکس انسان خیر محض بنا ہوا ہے، انسان اس مطلوبہ معیار پر پورا نہیں اترتا جس کی اس سے بجا طور پر امید قائم کی گئی ہو۔ اس تضاد کا واحد سبب یہ ہے کہ انسان نے کائناتی پیٹرن کے ٹیکنیکل پہلو کو تو پوری طرح اپنایا، مگر وہ اس کے اخلاقی پہلو کو اپنانے کے لیے تیار نہ ہوسکا۔ قابل پیشین گوئی کردار قرآن میں پسندیدہ بندوں کی تعریف یہ کی گئی ہے کہ وہ اپنے عہد کو پورا کرنے والے لوگ ہیں جب کہ وہ کسی سے عہد کرلیں (والموفون بعهد هم اذا عاهدوا) یہ عین وہی اخلاقی صفت ہے جس کو ہم نے قابل پیشین گوئی کردار (Predictable Character) سے تعبیر کیا ہے۔ جس طرح لوہے کے اوپر کسی چھت کو کھڑا کیا جائے تو پیشگی طور پر یہ یقین ہوتا ہے کہ وہ چھت کے بوجھ کو سنبھالے گا۔ اسی طرح جب ایک انسان دوسرے انسان سے کوئی عہد کرے تو پیشگی طور پر یہ اعتماد ہونا چاہیے کہ وہ ضرور اس عہد کو پورا کرے گا، وہ کسی حال میں اس سے نہیں ہٹے گا۔ اسی بات کو ایک حدیث میں اس طرح بیان کیا گیا ہے کہ منافق آدمی کی تین نشانیاں ہیں ؀ جب وہ بات کرے تو جھوٹ بولے۔ جب وہ وعدہ کرے تو اس سے پھر جائے۔ جب اس کو امانت سپرد کی جائے تو وہ امانت میں خیانت کرے (آية المنافق ثلاث ۔ اذا حدث كذب واذا وعد اخلف واذا ائتمل خان) مذکورہ تینوں باتیں قابل پیشین گوئی کردار کے خلاف ہیں۔ کسی انسان سے جب بات کی جاتی ہے تو اس اعتماد پر کی جاتی ہے کہ وہ صحیح بات کہے گا، وہ غلط بیانی سے کام نہیں لے گا۔ اب اگر وہ خلاف واقعہ بات بولنے لگے تو اس نے پیشگی اندازہ کے خلاف عمل کیا۔ اسی طرح جب کسی سے عہد و پیمان کیا جاتا ہے تو اس یقین کی بنیاد پر کیا جاتا ہے کہ اس کا آئندہ عمل عین اس عہد کے مطابق ہوگا۔ اب اگر آدمی اپنے کیے ہوئے عہد کے خلاف کرنے لگے تو اس نے اپنے بارہ میں پیشگی اندازہ کو پورا نہیں کیا۔ اسی طرح جب کوئی امانت کسی کے حوالے کی جاتی ہے تو وہ بھی اس پیشگی اعتماد کی بنیاد پر کی جاتی ہے کہ وہ ادائیگی کے وقت امانت کو پوری طرح ادا کرے گا۔ اب اگر بوقت ادائیگی وہ امانت کو اس کے حق دار کی طرف نہ لوٹائے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ قابل پیشین گوئی کردار کا حامل نہ تھا۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page