Urdu book · تعمیرِ شخصیت

واقعاتِ شکر

Urdu book, p. 139

By Maulana Wahiduddin Khan

سوچیں گے تو آپ کو معلوم ہوگا کہ یہ ایک عظیم تخلیق کا معاملہ ہے۔ خدا نے کائناتی انتظام کے تحت نان فوڈ (non-food) کو فوڈ (food) میں تبدیل کیا، اس نے نان واٹر (non-water) کو واٹر (water) میں تبدیل کیا، اس کے بعد یہ ممکن ہوا کہ آپ اس کو کھائیں اور پیئیں اور وہ آپ کے جسم میں داخل ہو کر آپ کا گوشت اور خون بنے۔ اسی طرح خدا نے آپ کو یہ توفیق دی کہ آپ اپنے نان اسلام کو اسلام میں کنورٹ کریں، اس کے بعد ہی یہ واقعہ پیش آیا کہ آپ کے اندر ایک اسلامی شخصیت ایمرج کرے۔ ان عظیم انعامات کا احساس جب لفظوں میں ڈھلتا ہے تو وہ مذکورہ کلمہ کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے۔ ***** 6 دسمبر 1990ء کو میں کیلی فورنیا (امریکہ) میں جناب صغیر اسلم صاحب کے یہاں ٹھہرا ہوا تھا۔ مجھے دہلی اپنے آفس میں بات کرنے کی ضرورت پیش آئی۔ یہ کیلی فورنیا میں صبح کا وقت تھا اور دہلی میں شام کا۔ میں نے صغیر اسلم صاحب سے کہا۔ انھوں نے اپنے ٹیلیفون پر نمبروں کے بٹن دبائے۔ اس کے فوراً بعد دہلی میں ہمارے دفتر میں گھنٹی بجنے لگی۔ میں نے سوچا کہ جس دنیا میں یہ ممکن ہے کہ کیلی فورنیا کا ایک انسان دہلی کے ایک انسان سے ایک منٹ سے بھی کم وقت میں رابطہ قائم کرلے، اس دنیا میں کیا یہ ممکن نہیں کہ انسان اپنے خالق سے رابطہ قائم کرسکے۔ دل نے کہا کہ یقینی طور پر ممکن ہے۔ مگر اس کے لیے اسی طرح صحیح تدبیر اختیار کرنی ہوگی جو کیلی فورنیا اور دہلی کے درمیان رابطہ قائم کرنے کے لیے اختیار کی گئی۔ اس رابطہ کی ایک شکل یہ بھی تھی کہ ہم مذکورہ نمبروں کا اہتمام نہ کرتے بلکہ دوسرے غیر متعلق نمبروں پر اپنی انگلیاں مارنے لگتے۔ ایسی حالت میں ہماری کوشش بے فائدہ ہو جاتی۔ اس کے بجائے ہم نے یہ کیا کہ صحیح ترین نمبر معلوم کر کے عین اسی نمبر کے ذریعہ ربط قائم کرنے کی کوشش کی۔ ایسا کرتے ہی فوراً ربط قائم ہو گیا۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page