تعمیر کی طرف
Urdu book, p. 24
By Maulana Wahiduddin Khan
بھی زیادہ بدتر ہو جاتے ہیں۔ کسی کا یہ قول اس قسم کے تمام انقلابات پر صادق آتا ہے کہ انقلاب اس بات کی ایک کامیاب کوشش ہے کہ ایک بری حکومت کو ختم کر کے اس سے بھی زیادہ بری حکومت کو اپنے اوپر مسلط کر لیا جائے۔ وقت کی ضرورت آج کی سخت ترین ضرورت یہ ہے کہ ملک میں فبیین سوسائٹی کے طرز کی تحریکیں اٹھائی جائیں ، کمیونٹی کی سطح پر بھی اور قومی اور ملکی سطح پر بھی ۔ حقیقت یہ ہے کہ آزادی کے فورا بعد مہاتما گاندھی نے اسی قسم کی ایک جماعت کا نقشہ پیش کیا تھا اور اس کا نام انھوں نے جن کانگرس رکھا تھا۔ گاندھی جی کا کہنا یہ تھا کہ سیاسی آزادی مل جانے کے بعد اب ہمارے سامنے ملک کی تعمیر کا زیادہ بڑا کام ہے۔ اس لیے ہمیں ایک غیر سیاسی جماعت کی ضرورت ہے ۔ اس جماعت کا کام عوام کی ذہنی تربیت ہو گا اور وہ انتخابی سیاست سے الگ رہ کر خالص تعمیری انداز میں کام کرے گی۔ " جن کانگرس " کی کامیابی کے لیے ضروری تھا کہ کانگریس کے بڑے بڑے لیڈر عہدہ اور اقتدار کا راستہ چھوڑ کر خاموش عمل پر اپنے آپ کو راضی کریں اور پوری توجہ کے ساتھ اس میں لگ جائیں۔ مگر کوئی لیڈر اس سیاسی قربانی کے لیے تیار نہیں ہوا۔ اور گاندھی جی کی موت کے ساتھ اس کا بھی خاتمہ ہو گیا۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader