Urdu book · تعمیر کی طرف

تعمیر کی طرف

Urdu book, p. 27

By Maulana Wahiduddin Khan

دار الترجمہ قائم کیا۔ جس کے کارکنوں کی تعداد اب کے مرحلہ میں، ایک لاکھ تک پہنچ گئی۔ اس نے حکم دیا کہ جرمن، فرنچ، انگلش وغیرہ زبانوں سے تمام سائنسی کتابوں کا ترجمہ روسی زبان میں کیا جائے۔ یہ کام اعلیٰ پیمانہ پر شروع ہو گیا اور برابر جاری رہا۔ یہ صحیح رخ پر صحیح اقدام تھا۔ چنانچہ روس کو اس کا یہ فائدہ ملا کہ وہ آج دو سپر پاور میں سے ایک سپر پاور کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ ہے تدبیر کا فرق۔ کمال اتاترک نے ترکی اور یورپ کے درمیان کلچر کے فرق کو مٹانا چاہا۔ مگر دونوں کے درمیان کلچر کے فرق کو مٹا دینے کے بعد بھی اس کو کچھ حاصل نہ ہو سکا۔ اس کے برعکس لینن نے روس اور یورپ کے درمیان علم و شعور کے فرق کو مٹانے کا منصوبہ بنایا۔ چنانچہ جب یہ فرق مٹا تو روس دنیا کی دوسری سب سے بڑی طاقت بن چکا تھا۔ یہ مثال بتاتی ہے کہ ہمیں غیر متعلق کارروائیوں میں وقت ضائع نہیں کرنا چاہیے۔ ورنہ ہماری کارروائیوں کی تکمیل کے بعد بھی اصل مسئلہ وہیں باقی رہے گا جہاں وہ آج ہمیں دکھائی دے رہا ہے۔ چند مثالیں ہمارے آس پاس جو واقعات ہیں ان کا گہرائی کے ساتھ مطالعہ کیا جائے تو یہ بات نہایت آسانی کے ساتھ سمجھی جاسکتی ہے کہ کلچر کا فرق یا کلچر کی یکسانیت اضافی چیزیں ہیں۔ یکتا سے ان کا کوئی لازمی تعلق نہیں۔ چند مثالیں لیجیے۔ بمبئی میں پارسی اور ہندو ہزار برس سے ایک ساتھ رہتے ہیں۔ آپ جانتے ہیں کہ پارسی سماج ایک بند سماج ہے۔ وہ لوگ اپنے سے باہر شادی بیاہ کو صحیح نہیں سمجھتے چنانچہ بمبئی کے ہندوؤں اور پارسیوں میں آپس میں شادی بیاہ نہیں ہوتا۔ اگر کوئی مثال اس سے مختلف ہو تو وہ ایک نادر استثناء ہے نہ کہ کوئی عام قاعدہ۔ اس کے باوجود آج تک وہاں کبھی

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page