Urdu book · تعمیر کی طرف

تعمیر کی طرف

Urdu book, p. 29

By Maulana Wahiduddin Khan

(attitude of mind) کی ہے۔ اگر ہم اس ملک میں یک جہتی اور مفاہمت پیدا کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں لوگوں کے طرز فکر کو درست کرنا ہوگا۔ اس مقصد کو حاصل کرنے کا یہی واحد راستہ ہے۔ اس کے سوا اور کوئی راستہ نہیں۔ یہ واحد راستہ احترام اور رواداری کا راستہ ہے۔ لوگوں میں یہ مزاج پیدا کیا جائے کہ وہ دوسروں کے ساتھ روادارانہ برتاؤ کریں۔ وہ ہر آدمی کا احترام کریں، خواہ وہ اپنی برادری کا ہو یا اپنے سے باہر کی برادری کا۔ یہی مزاج اتحاد اور یک جہتی کی اصل بنیاد ہے۔ یہ مزاج جہاں ہو گا وہاں اتحاد ہوگا، جہاں یہ مزاج نہ ہو، وہاں کسی اور تدبیر سے اتحاد پیدا نہیں کیا جاسکتا۔ قرآن کی رہنمائی اب میں کسی قدر تفصیل کے ساتھ بتانا چاہتا ہوں کہ اس معاملے میں ہمیں قرآن سے کیا رہنمائی ملتی ہے۔ یہ رہنمائی ایک لفظ میں، یہ ہے کہ انسان کے سوا بقیہ کائنات جس قانون پر چل رہی ہے، اسی کو انسان بھی اختیار کرلے۔ کائنات واضح طور پر مختلف اور متفرق اجزاء کا مجموعہ ہے۔ اس میں آگ بھی ہے اور پانی بھی۔ اس میں نازک پودے بھی ہیں اور سخت پتھر بھی۔ اس میں دن کی روشنی بھی ہے اور رات کی تاریکی بھی۔ مگر ان تمام اختلافات کے باوجود، پوری کائنات ایک ہم آہنگ کُل کی طرح عمل کرتی ہے۔ یہ گویا ایک خدائی ماڈل ہے۔ انسان کو چاہیے کہ وہ بھی اسی ماڈل کو اپنے لیے رہنما بنا لے ۔ قرآن کے مطالعہ سے معلوم ہوتا ہے کہ انسان اور بقیہ کائنات دونوں ایک اکائی کے دو حصے ہیں۔ دونوں میں جو فرق ہے وہ یہ ہے کہ انسان ذاتی شعور اور ذاتی ارادہ رکھتا ہے، جب کہ کائنات کی دوسری چیزیں ذاتی شعور اور ذاتی ارادہ نہیں رکھتیں۔ جامد مادہ قانون فطرت (law of nature) سے کنٹرول ہوتا ہے اور جاندار چیزیں اپنے اندر چھپی ہوئی جبلت (Instinct) سے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page