Urdu book · تعمیر کی طرف

دو پہلو

Urdu book, p. 31

By Maulana Wahiduddin Khan

میں حد درجہ سنجیدہ ہے۔ وہ انتہائی محنت سے اس کو دریافت کرتا ہے اور اس کی کامل پیروی کرتا ہے۔ کائناتی پیٹرن کے ٹیکنکل پہلو سے وہ ادنی درجہ میں بھی انحراف نہیں کرتا ، کیوں کہ وہ جانتا ہے کہ ٹیکنکل پہلو کی کامل پیروی ہی کے ذریعہ وہ تمدنی ترقیاں حاصل کرسکتا ہے۔ مگر کائناتی پیٹرن کے اخلاقی پہلو کے بارے میں اس کا رویہ یکسر مختلف ہے۔ یہاں وہ پیروی کے بجائے انحراف کی روش اختیار کرتا ہے۔ اس معاملہ کی وضاحت کے لیے ایک سادہ مثال لیجیے۔ اس ہال میں ہمارے سامنے دو واقعے نظر آرہے ہیں۔ ایک بجلی جو ہم کو روشنی دے رہی ہے، دوسرے پنکھا جس سے ہمیں ٹھنڈی ہوا ملتی ہے۔ یہ دونوں چیزیں کائناتی پیٹرن کے ٹیکنکل پہلو کی پیروی کر کے حاصل کی گئی ہیں۔ کائنات میں قانونِ قدرت کے تحت پیشگی طور پر ایک امکان موجود ہے۔ وہ یہ کہ اگر آپ ایک ایسی مشین بنائیں جس میں میگنیٹیک فیلڈ (مقناطیسی میدان) اور موشن (حرکت) کو یکجا کیا گیا ہو تو فوراً اس کے اندر الیکٹران متحرک ہو جائیں گے اور وہ چیز پیدا ہو جائے گی جس کو کرنٹ (بجلی) کہتے ہیں۔ جنیریٹر میں اسی طریقہ کو استعمال کر کے بجلی پیدا کی جاتی ہے جس سے بلب روشن ہوتا ہے اور دوسرے کام کیے جاتے ہیں۔ کائناتی پیٹرن کا ایک اور ٹیکنکل پہلو یہ ہے کہ اگر آپ ایک ایسی مشین بنائیں جس میں میگنیٹیک فیلڈ (مقناطیسی میدان) اور کرنٹ (بجلی) کو یکجا کیا جائے تو فوراً اس کے اندر موشن (حرکت) پیدا ہو جائے گی ، یہی قدرتی تدبیر ہے جس کے ذریعہ حرکت پیدا کر کے پنکھا چلایا جاتا ہے اور دوسری تمام مشینیں متحرک کی جاتی ہیں۔ یہ کائناتی پیٹرن کے ٹیکنکل پہلو کی مثال ہے۔ دنیا کے تمام انسان ، خواہ وہ کسی قوم یا فرقہ سے تعلق رکھتے ہوں ، وہ اس پہلو کی صدفی صد پیروی کرتے ہیں۔ وہ بال برابر بھی اس سے نہیں ہٹتے۔ کیوں کہ وہ جانتے ہیں کہ یہاں نتیجہ کا یا بالفاظ دیگر ، صحیح کارکردگی کا انحصار ، تمام تر اس پر ہے کہ خارجی قانون کی کامل پیروی کی جائے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page