پیچھے ہٹنا سب سے بڑا اقدام
Urdu book, p. 24
By Maulana Wahiduddin Khan
پیچھے ہٹنا سب سے بڑا اقدام کبھی پیچھے ہٹنا سب سے بڑا اقدام ہوتا ہے مگر اس کو وہی لوگ جانتے ہیں جو بڑے دل والے ہوں۔ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات (11ھ) کے بعد 20 سال تک فتوحات اسلام کا زبردست سلسلہ جاری رہا۔ ہر مہینے کسی نہ کسی بڑے علاقہ کے فتح کی خبر آتی تھی۔ مگر تیسرے خلیفہ کی شہادت (35ھ) کے ساتھ جو باقی لڑائیاں شروع ہوئیں، انھوں نے تقریباً 10 سال تک فتوحات کا سلسلہ ختم کر دیا۔ وہ شخص جس نے اس بند دروازہ کو دوبارہ کھولا، وہ حضرت امام حسن تھے۔ 41ھ میں آپ کی خلافت سے دست برداری بظاہر میدان عمل سے واپسی کا ایک فیصلہ تھا۔ مگر اس واپسی نے اسلامی تاریخ میں اقدام وعمل کے نئے امکانات کھول دیے۔ حسن بن علی بن ابی طالب شعبان 3ھ میں پیدا ہوئے۔ ربیع الاول 50ھ میں وفات پائی۔ آپ کے والد حضرت علی کی شہادت 17 رمضان 40ھ کو کوفہ میں ہوئی تو آپ کی عمر 37 سال تھی۔ اس وقت صرف عراق اور ایران حضرت علی کے زیر خلافت رہ گئے تھے۔ اس کے علاوہ یمن، حجاز، شام، فلسطین، مصر وغیرہ میں امیر معاویہ کی حکومت قائم تھی۔ حضرت علی کے زیر خلافت علاقہ میں بہت سے لوگ در پردہ آپ کے مخالف تھے۔ حضرت علی کی شہادت کے بعد لوگوں نے امام حسن کے ہاتھ پر خلافت کی بیعت کی، جو آپ کے سب سے بڑے صاحب زادے تھے۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader