تعمیری حوصلے سیاسی عزائم میں تبدیل ہو گئے
Urdu book, p. 89
By Maulana Wahiduddin Khan
سیاست بازی کے کام میں عام طور پر وہی لوگ حصہ لیتے ہیں، جو قدرت سے اعلیٰ صلاحیت لے کر پیدا ہوتے ہیں۔ وہ اپنی اعلیٰ صلاحیت کو کسی تعمیری خدمت میں لگانے کے بجائے سیاسی حکمرانوں کو اقتدار سے بے دخل کرنے کی کوشش میں لگ جاتے ہیں۔ اس کے نتیجہ میں بے شمار انسانی جانیں ضائع ہوئی ہیں ۔ بے شمار اقتصادی وسائل برباد ہوتے ہیں۔ اور عملاً اس کے سوا اور کچھ نہیں ہوتا کہ کچھ لوگوں کو لیڈرانہ شہرت حاصل ہو جائے اور عوام کے حصہ میں صرف یہ نتیجہ آئے کہ ایک ”ظالم“ کی جگہ دوسرا ”ظالم“ تخت سلطنت پر بیٹھ گیا ہو۔ تاریخ میں کوئی مثال نہیں ہے کہ مقابلہ آرائی کی سیاست سے کبھی کوئی حقیقی نتیجہ برآمد ہوا ہو۔ قوم کو اٹھانے کا راز یہ ہے کہ قوم کے رہنما اپنے سیاسی جھنڈے کو نیچا کر لیں۔ انفرادی حوصلوں کا ”بیج“ جہاں زمین میں دفن ہوتا ہے، وہیں سے قومی مستقبل کا شاندار درخت اگتا ہے۔ آج ہماری تاریخ کو اسی قسم کی ”شہادت“ کا انتظار ہے۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader