Urdu book · تصویر ملت

کیسا عجیب اسلام

Urdu book, p. 282

By Maulana Wahiduddin Khan

کیسا عجیب اسلام ایران میں " اسلامی انقلاب" کے بعد جو نئے مناظر دکھائی دیتے ہیں ان میں سے ایک یہ ہے کہ ایران کی قومی اسمبلی اور دوسرے پبلک مقامات پر جو سیڑھیاں ہیں ان پر مختلف قسم کے جھنڈوں کی تصویریں بنائی گئی ہیں۔ یہ جھنڈے امریکہ، روس اور اسرائیل کے ہیں۔ ایسا اس لئے کیا گیا ہے کہ جب کوئی آدمی ان عمارتوں میں داخل ہو تو وہ ان پر پاؤں رکھے بغیر داخل نہ ہوسکے۔ (کوثر ، بنگلور ، رمضان ۱۴۰۴ھ) یہ ایک مثال ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ کون سا دین ہے جس کو موجودہ زمانہ کے علمبردارانِ اسلام نے دریافت کیا ہے۔ وہ نفرت کا دین ہے۔ ان کے نزدیک اسلام کا سب سے بڑا کام یہ ہے کہ مفروضہ دشمنانِ اسلام کو ذلیل کیا جائے۔ رسول اللہ صلّی اللہ علیہ وسلّم اور آپ کے اصحاب کا اسلام کا اسلام یہ تھا کہ انھوں نے لوگوں کی خیر خواہی میں ان کے لئے دعائیں کیں۔ وہ اس لئے تڑپتے کہ لوگ ہدایت کو قبول کرکے جہنم کی آگ سے بچ سکیں۔ انھوں نے اپنے دشمنوں سے بھی محبت کا سلوک کیا تاکہ ان کا دل اسلام کے لئے نرم ہو۔ انھوں نے ظالموں کو بھی بے عزت کرنا پسند نہیں کیا تاکہ ان کے اندر حمیتہ جاہلیت کی آگ نہ بھڑکے۔ انھوں نے بگڑے ہوئے لوگوں کے ساتھ تالیف قلب کا معاملہ کیا تاکہ ان کی فطرت کو جگایا جاسکے۔ مگر موجودہ زمانہ کے مسلم قائدین نے ایک ایسا اسلام دریافت کر رکھا ہے جو انھیں اس کے بالکل برعکس سبق دیتا ہے۔ آج کی دنیا میں اسلام کے نام پر دوسروں سے نفرت کرنے والے بہت ہیں مگر اسلام کے نام پر دوسروں سے محبت کرنے والا کوئی نہیں۔ اسلام کے لئے جھنڈا اٹھانے والے بے شمار ہیں مگر کوئی اللہ کا بندہ ایسا نہیں جو اسلام کے لئے اپنے جھنڈے کو نیچا کرلے۔ اسلام کے لئے دوسروں سے لڑنے والے ہر طرف دکھائی دیتے ہیں مگر اسلام کے لئے صلح کرنے والا کوئی نظر نہیں آتا۔ اسلام کے لئے بولنے والوں سے خدا کی زمین بھر گئی ہے مگر وہ انسان ڈھونڈنے سے بھی نہیں ملتا جو اسلام کی خاطر چپ ہوگیا ہو۔ اسلام کے نام پر لوگوں کو پیروں سے روندنے والے بہت ہیں مگر خدا کا وہ بندہ کہیں دکھائی نہیں دیتا جو اسلام کی خاطر لوگوں کو اپنے سینے سے لگالے۔

The printed page

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader

Printed page