نفرت نہیں محبت
Urdu book, p. 283
By Maulana Wahiduddin Khan
نفرت نہیں محبت کرکٹ کے کھیل میں سب سے زیادہ کامیاب باؤلر وہ سمجھا جاتا ہے جو سب سے زیادہ تیز گیند پھینکے ۔ ڈینس لِیلی (Dennis Lillee) کرکٹ کا مشہور کھلاڑی ہے۔ اس کی باؤلنگ کی رفتار 143 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ ہے۔ ڈینس لِیلی (پیدائش ١٩٤٩ء) سے پوچھا گیا کہ تیز باؤلنگ کا راز کیا ہے۔ اس نے جواب دیا: تیز گیند پھینکنے کی حیرت ناک کوشش کو برقرار رکھنے کے لیے آپ کو عملی طور پر بیٹ والے سے نفرت کرنا ہوگا۔ میں بیٹ والوں کو چور سمجھتا ہوں جو میرے رن کو چرانے کی کوشش کر رہے ہوں: کھیل کے میدان کا یہی اصول سیاست کے میدان میں بھی رائج ہے۔ ہر سیاسی لیڈر، شعوری یا غیر شعوری طور پر، یہ جانتا ہے کہ سیاست کو کامیاب بنانے کا سب سے بڑا ذریعہ نفرت ہے۔ وہ اپنے پیرووں میں جتنا زیادہ نفرت کا جذبہ پیدا کرے گا اتنا ہی زیادہ وہ سرگرمی دکھا سکیں گے اور قربانیاں دیں گے ۔ اس دنیا میں وہی لیڈر کامیاب ہوتا ہے جو اپنی سیاست کے لیے کوئی ایسا بدنام نشانہ تلاش کرلے جس کے نام پر لوگوں کے اندر زیادہ سے زیادہ نفرت کی آگ بھڑکائی جا سکتی ہو۔ موجودہ زمانہ کی تمام بڑی بڑی سیاسی تحریکیں کسی نہ کسی قابل نفرت نشانہ کے اوپر کھڑی ہوئی ہیں، کسی کا نشانہ کوئی قوم ہے، کسی کا کوئی بادشاہ اور کسی کا کوئی حکمراں۔ مگر نفرت کی بنیاد پر اٹھنے والی تحریک خدا کی نظر میں سراسر باطل ہے، خواہ وہ بظاہر مکمل اسلام ہی کے نام پر کیوں نہ اٹھی ہو۔ مخصوص اسباب کی بنا پر موجودہ زمانہ میں دنیا بھر کے مسلمان احساس مظلومی (Persecution Complex) میں مبتلا ہیں۔ اس لئے ان کے درمیان جب کوئی ایسی تحریک اٹھتی ہے جو کسی مسلم دشمن طاقت کی نشان دہی کرکے اس کو مٹانے کا نعرہ دے رہی ہو تو مسلمان بہت جلد اس کے گرد جمع ہوجاتے ہیں۔ اور اگر یہ تحریک اسلام کی اصطلاحوں میں بول رہی ہو تو مسلمان اور بھی زیادہ جوش جہاد کے ساتھ اس کی طرف بڑھتے ہیں کیوں کہ ایسی صورت میں ان کو یہ اطمینان رہتا ہے کہ ان کی نفرت کی سیاست عین اسلام کی سیاست ہے نہ کہ کوئی غیر اسلامی سیاست۔ مگر یہ سراسر بھول ہے- اسلام کی سیاست صرف وہ ہے جو محبت اور خیر خواہی کی بنیاد پر اٹھے۔ جس کی دشمنی "کفر" سے ہو نہ کہ "کافر" سے۔ جو "شرک" کے خلاف برپا ہوئی ہو نہ کہ "مشرک"۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader