صرف الفاظ
Urdu book, p. 28
By Maulana Wahiduddin Khan
صرف الفاظ امریکہ میں اگلی میعاد کے لئے صدر کے انتخاب کی مہم چل رہی تھی ۔ ڈیمو کریٹک پارٹی نے ایک خاتون فیرارو (Geraldine Ferraro) کو صدارت کے لئے اپنا نمائندہ بنایا ۔ ٹائم میگزین نے مذکورہ خاتون کی زبردست حمایت کی ۔ ٹائم (۲۳ جولائی ۱۹۸۴) میں مذکورہ خاتون کی حمایت میں ایک مفصل مضمون شائع ہوا جس کا عنوان تھا : A Break with Tradition ٹائم کی اس اشاعت میں کئی تصویریں تھیں ۔ ایک تصویر میں کچھ امریکی خواتین ایک بورڈ سر پر اٹھائے ہوئے کھڑی تھیں ۔ بورڈ پر لکھا ہوا تھا کہ بہتر کل کے لئے فرار کو ووٹ دو : Ferraro, For A Better Tommorrow اسی طرح نیوز ڈے ٹائمز ( کوالا لمپور ) کی اشاعت ۲۹ جولائی ۱۹۸۴ میں ایک قصہ پڑھا کہ امریکہ کے میگزین پنٹ ہاؤس (Pent House) نے ایک سنسنی خیز واقعہ کیا ۔ اس نے پہلی نیگروس امریکہ وینا ولیمس (Vanessa Williams) کو راضی کر کے اس کی بہت سی ننگی تصویریں لیں اور ان تصویروں کو چھاپ کر کروڑوں روپئے کمائے ۔ مذکورہ امریکی اخبار نے ان تصاویر کے اوپر جو عنوان قائم کیا وہ یہ تھا کہ وینا بغیر لباس : Vanessa The Undressa فرارو کے حامیوں نے اپنے سیاسی مدعا کو نہایت موزوں الفاظ میں ڈھال لیا ۔ اسی طرح دنیا کی ننگی تصویروں کی تجارت کرنے والوں کو بھی اپنے موافق الفاظ مل گئے ۔ حقیقت یہ ہے کہ الفاظ اس دنیا میں سب سے بڑا فتنہ ہیں ۔ الفاظ میں اتنی گنجائش ہے کہ جو شخص بھی چاہے اپنے خیالات کے لئے دل فریب الفاظ پا لیتا ہے ۔ ہر آدمی اپنی بات کو خوب صورت الفاظ میں ڈھال کر سمجھتا ہے کہ وہ حق پر ہے ۔ حالاں کہ کسی بات کا خوب صورت الفاظ میں ڈھل جانا اس بات کا کافی ثبوت نہیں کہ وہ فی الواقع بھی حقیقت ہے ۔ آخر کار کامیابی صرف اس شخص کو ملے گی جس کے پاس حقیقت ہو نہ کہ اس شخص کو جس کے پاس صرف الفاظ ہوں ، مگر حقیقت اس کے پاس موجود نہ ہو ۔

‹ Previous page Next page › About this book Open in the reader