میدان ابھی تک خالی هے
الرسالہ، اپریل ۱۹۷۷، صفحہ ۷
میدان ابھی تک خالی هے
مغر بی دنیا میں طبیعی دنیا کی طرف سے مایوسی نے کثیر تعداد میں ایسے لوگ پیدا کر دیئے ہیں جو سائنسی طور پر دماغی قوتوں کی تلاش کر رہے ہیں۔ کیلی فورنیا یونیورسٹی میں انسٹی ٹیوٹ آف برین ریسرچ اس کی ایک مثال ہے۔ حتیٰ کہ تخلیقی ذہانت (CREATIVE INTELLEGENCE) موجودہ زمانہ میں ایک مستقل سائنس بن گئی ہے۔ یہی وہ زرخیز زمین ہے جس نے ہندوستانی یوگیوں کو موقع دیا ہے کہ وہ مغرب میں اپنے بہت سے شاگرد پاسکیں، تاہم اس کے علاوہ اس سے بھی زیادہ بڑے پیمانہ پر ایک اور تلاش جاری ہے۔ یہ ہے دور سائنس کے لئے ایک مذہب کی تلاش ۔ آخری حقیقت کیا ہے ، مرنے کے بعد انسان کہاں جاتا ہے ، مادی دنیا کے ماورا اگر کوئی دنیا ہے تو وہ کیا ہے اور کہاں ہے۔ ان سوالات کا جواب دینے کا میدان ساری دنیا میں ابھی تک خالی ہے۔ دین حق کے حاملین کو موقع ہے کہ اس اہم رول کو ادا کر کے یہاں اپنی جگہ بنا سکیں ۔
"محسوس مادہ ہی سب کچھ ہے" یہ نظریہ دو سو برس تک علمی دنیا کو مسحور رکھنے کے بعد انیسویں صدی کے آخر میں ختم ہو گیا۔ اس کے بعد مسلسل ایسے شواہد سامنے آئے جنھوں نے انسان کو مجبور کیا کہ وہ غیر مادی حقائق کو بھی تسلیم کرے۔ اس سلسلہ کی ایک کڑی جدید ذہنی نظریات ہیں جنھوں نے اقرار کیا ہے کہ دماغ پر اسرار طاقتوں کا خزانہ ہے اور دماغی لہروں کے ذریعہ خارجی چیزوں پر اسی طرح اثر انداز ہونا ممکن ہے جس طرح مادی چیزوں کے ذریعہ اس کو یقینی سمجھا جاتا تھا۔ دوسری جنگِ عظیم کے بعد اس سلسلے میں امریکہ، انگلستان اور ندر لینڈ وغیرہ میں کثیر تحقیقات ہوئی ہیں اور اب بھی بہت بڑے پیمانہ پر جاری ہیں۔
ان حالات نے ہندوستان کے یوگیوں کو موافق زمین فراہم کی ہے کہ وہ مغربی دنیا میں داخل ہوں اور اپنے قدیم فن کو نئے عنوانات کے ساتھ لوگوں میں مقبول بنائیں۔ ان کی کوششوں سے مغربی دنیا، خاص طور پر امریکہ میں ایک نئی "سائنس" وجود میں آگئی ہے جس کو ماورائی مراقبہ (TRANSCENDENTAL MEDITATION) یا مختصر طور پر ٹی ایم ( TM ) کہتے ہیں۔ اس سائنس کو مغربی دنیا میں پھیلانے کے لئے ہندوستان کے یوگی بہت بڑی تعداد میں یورپ اور امریکہ میں کام کر رہے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ ایک سو سے زیادہ ہندو جماعتیں صرف امریکہ میں متحرک ہیں۔ ایک جائزہ کے مطابق 1958ء سے لے کر 1974ء تک ساڑھے سات لاکھ لوگوں نے ٹی ایم کی تربیت حاصل کی۔ امریکہ میں ان کی تعداد میں ہر ماہ تقریباً 20 ہزار مردوں اور عورتوں کا اضافہ ہو رہا ہے۔ ہندو سوامیوں کے امریکہ میں اتنے بڑے بڑے ادارے ہیں جن کے اپنے ہوائی اور سمندری جہاز ہیں۔ مہارشی انٹرنیشنل یونیورسٹی کے نام سے آئیووا(امریکہ) میں ایک باقاعدہ جامعہ قائم ہو گئی ہے۔ سویڈن میں ٹی ایم کے طلبہ کو سرکاری فنڈ سے امداد دی جاتی ہے۔ یہ مستند سائنس جنرل مثلاً سائنٹفک امریکن ، امریکن جنرل آف فزیالوجی
‹ Previous page Next page › Contents of April 1977 All issues