Al-Risala · May 1977 · page 55

دانش مندی کے امتحان میں

الرسالہ، مئی ۱۹۷۷، صفحہ ۵۵

دخل نہ ہوگا۔ خواہ وہ حکومت کے ایوان کے باہر کتنی ہی تقریریں کرتی رہے۔

مسلمان قیادت کی غلطی اب ناقابل تلافی ہے کہ اس نے زمانہ کے رخ کو نہیں پہچانا اور نئی سیاسی قوتوں کا ساتھ نہیں دیا۔ وہ جانے والی طاقت کے ساتھ لپٹے رہے، جب کہ سیاسی بصیرت کا تقاضا تھا کہ وہ آنے والی سیاسی طاقت کے حق میں اپنا وزن ڈال دیتے ۔

مسلمانوں کو سب سے زیادہ دلچسپی سیاست سے ہے۔ مگر اپنی سیاسی بے شعوری کی وجہ سے ہر انقلاب کے موقع پر وہی سب سے زیادہ گھاٹے میں رہتے ہیں۔ اور جدید انقلاب کے بعد انھیں جو سیاسی نقصان پہنچا ہے، وہ تو پچھلے تمام نقصانات سے بھی زیادہ بڑھا ہوا ہے ۔ فرضی امیدوں کے جوش اور جذباتی تقریروں کے ہجوم میں ابھی ان کو یہ نقصان دکھائی نہیں دے رہا ہے۔ مگر بہت جلد وہ وقت آئے گا کہ حقائق زور کر کے انھیں سب کچھ بتا دیں گے۔ اگر چہ یہ امید نہیں کہ اس وقت بھی وہ کوئی صحیح رد عمل دکھا سکیں ۔

ذاتی طور پر راقم الحروف کا خیال تو یہ ہے کہ مسلم سیاست کو بالکل چھوڑ دیں اور اپنی ساری قوت اصلاح و تعمیر اور دعوت و تبلیغ میں لگا دیں۔ مگر جو لوگ سیاسی مشغلہ ہی کو اپنا مشن بنائے ہوئے ہیں، وہ کیوں اپنے میدان عمل کے مسائل سے اتنا بے خبر رہتے ہیں، اس کی کوئی وجہ سمجھ میں نہیں آتی۔

(دہلی ۔ ۲۸ مارچ ۱۹۷۷ء)

آدمی دوسروں کے ساتھ عبرت ناک واقعات ہوتے دیکھتا ہے مگر اپنے آپ کو اس طرح الگ کر لیتا ہے گویا اس کے ساتھ ایسا ہونے والا نہیں ہفت روزہ الجمعیتہ ۱۳ دسمبر ۱۹۷۰ء کا صفحہ ۸آپ کھولیں تو اس میں " تاریخ مظلوم کا ساتھ دیتی ہے " کے زیر عنوان یہ عبارت چھپی ہوئی ملے گی : " وہ اقتدار سب سے زیادہ نادان اقتدار ہے جو یہ سمجھتا ہے کہ ظلم و ستم کے ذریعہ کسی کے اوپر حکومت کی جاسکتی ہے۔ انسان کی مثال پتھر کی سی نہیں ہے کہ اس کو ہتھوڑے سے توڑ دیا جائے تو وہ ٹوٹی ہوئی حالت پر قانع ہو کر پڑا رہے۔ بلکہ وہ احساس اور شعور رکھنے والا ایک وجود ہے جس کو اگر مٹایا جائے تو اس کے اندر انتقام کی بے پناہ آگ بھڑک اٹھتی ہے اور یہ آگ ایسی خوفناک ہوتی ہے جو بڑے سے بڑے ظالم کو جلا کر بھسم کر دیتی ہے۔

تاریخ میں ہمیشہ ظلم کا یہی انجام ہوا ہے۔ مگر عجیب بات ہے کہ بعد کے ظالم اپنے پچھلے ظالموں سے سبق نہیں لیتے اور دوبارہ اسی حماقت کو دہراتے ہیں جو ان کے پیشرو دہرا چکے ہیں ۔ "

‹ Previous page Next page › Contents of May 1977 All issues

Printed page