Al-Risala · January 1977 · page 41

م۔ احمد ایم۔ لے

الرسالہ، جنوری ۱۹۷۷، صفحہ ۴۱

کیا تاریخ دوبارہ مذہب کی طرف لوٹنے والی ہے ۱۷۸۹ء میں جب جارج واشنگٹن کو امریکہ کا پہلا صدر چنا گیا تو ایک گھوڑ سوار پیغام برنے یہ خبر انہیں پہنچائی تھی۔ ریاست ور جینا میں واقع موصوف کے مکان تک پہنچنے میں اس امریکی افسر کو سات دن لگ گئے تھے۔ اس کے بر عکس ۳ نومبر ۱۹۷۶ء کو جب امریکہ کا ۳۹ واں صدارتی انتخاب ہوا تو ووٹنگ ختم ہونے کے صرف چند منٹ بعد ساری دنیا نے جان لیا کہ مسٹر جمی کارٹر کو امریکہ کا نیا صدر چن لیا گیا ہے۔

۱۹۳۲ء کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ وائٹ ہاؤس میں بیٹھے ہوئے ایک صدر کو اپنے حریف سے شکست کھانی پڑی۔ اس واقعہ کا ایک حیران کن پہلو یہ ہے کہ جمی کارٹر (پیدائش ۱۹۲۴ء) کی اس تاریخی کامیابی میں بڑا دخل مذہب کا ہے۔ جمی کارٹر اپنی انتخابی تقریروں میں یہ بتانا کبھی نہیں بھولتے کہ وہ ایک راسخ العقیدہ عیسائی ہیں۔ ان کی تقریریں روحانیت اور بائبل کے اقتباسات سے بھری ہوتی تھیں۔ وہ صاف لفظوں میں کہتے تھے کہ وہ موجودہ مسائل کا حل مذہب کی روشنی میں کرنا چاہتے ہیں۔ تاہم امریکہ کے موجودہ مایوس معاشرہ کو مذہب کے اندر امید کی نئی کرن دکھانے کی قیمت ۲۵ ملین ڈالر تھی۔ جمی کارٹر کو اپنی انتخابی مہم کی کامیابی کے لئے نہ صرف یہ بھاری رقم خرچ کرنی پڑی بلکہ انھوں نے دوڑ دھوپ کا بھی ریکارڈ توڑ دیا۔ انھوں نے چار لاکھ ۶۱ ہزار میل کے ہوائی سفر کئے ۔ ۱۰۲۹ شہروں میں گئے اور ۹۵۴ تقریریں کیں ۔ پچھلے پانچ برس سے وہ روزانہ اوسطاً ۸۰۰ آدمیوں سے مصافحہ کر رہے تھے۔

یہاں ایک امریکی اخبار کا کارٹون نقل کیا جا رہا ہے۔ اس کارٹون میں ترازو کے ایک طرف فورڈ اور ریگن ہیں۔ دوسرے لفظوں میں اقتدار اور الحاد : دونوں نے مشترکہ طور پر اپنا وزن ایک پلّہ میں ڈال دیا ہے۔ دوسری طرف کارٹر ہیں جو اپنے ہاتھ میں مقدس بائبل لئے ہوئے ہیں۔ شدید مقابلہ کے باوجود کارٹر کا پلّہ بھاری ہو جاتا ہے۔ بیسویں صدی کی آٹھویں دہائی میں دنیا کے سب سے زیادہ ترقی یافتہ ملک میں یہ واقعہ ہونا کہ ایک شخص مذہب کا نام لے کر الیکشن جیت جائے ، دراصل دنیا میں ایک نئی تبدیلی کا اعلان ہے۔ یہ بتاتا ہے کہ انسان مادی ترقی کی آخری انتہا پر پہنچ کر دوبارہ فطرت کی طرف لوٹ رہا ہے ۔ پنڈولم کا رخ مذہب کی طرف ہو چکا ہے۔ اب یہ مذہب کے نمائندوں کا امتحان ہے کہ وہ اس نئے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہیں یا دوبارہ اسے ضائع کرتے ہیں۔

‹ Previous page Next page › Contents of January 1977 All issues

Printed page