Al-Risala · May 1978 · page 36

MODERNISERS IN RETREAT

الرسالہ، مئی ۱۹۷۸، صفحہ ۳۶

MODERNISERS IN RETREAT

Orthodoxy Sweeping Muslim World موقع پرستی اور سطحیّت کی زمین پر دینِ حق کا محل کھڑا نں ہو سکتا پیرس سے فرانسیسی زبان کا ایک میگزین شائع ہوتا ہے جس کا نام ہے LE NOUVEL OBSERVATEUR ستمبر ۷۷ء کے پہلے ہفتہ کی اشاعت میں اس میں مصر کے کچھ ادیبوں کا ایک مشترکہ مضمون چھپا ہے جس میں اس بات پر اظہار خیال کیا گیا ہے کہ حال ہی میں کس طرح اکثر مسلم ملکوں میں "روایت پرست مذہبی طبقہ" اچانک ابھر آیا ہے۔ قریب میں جن لوگوں نے مسلم ملکوں کے سفر کئے ہیں یا جو مختلف مسلم ملکوں میں چھپنے والی تازہ کتابوں اور اخبارات و رسائل سے باخبر ہیں، وہ آج کل کثرت سے اس موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کر رہے ہیں۔ ٹائمْس آف انڈیا کے شرقِ اوسط کے نمائندہ دلیپ پیڈ گاؤنکر نے اس سلسلہ میں ایک مفصل جائزہ شائع کیا ہے۔ (ٹائمْس آف انڈیا، ۱۰ستمبر، ۷۷) دو سو برس پہلے جب مغربی طاقتیں مسلم دنیا پر چھا گئیں تو تمام مسلم ملکوں میں اسلام کے احیاء کی تحریکیں اٹھ کھڑی ہوئیں جو موجودہ صدی کے وسط تک جاری رہیں۔ اب دوبارہ، اگر چہ نسبتاً کم تر شدت کے ساتھ، تمام مسلم ملکوں میں اسلام کے نام پر سرگرمیاں ابھر آئی ہیں۔ پچھلی تحریکیں باہر کی نو آبادیاتی طاقتوں کے جواب میں اٹھی تھیں، موجودہ تحریکوں کا نشانہ خود اپنے ملکوں کا سیکولر اور جدت پسند طبقہ ہے۔ اس لحاظ سے موجودہ تحریکوں کا حریف ان کے پیش روڈل کے مقابلہ میں بہت کمزور ہے۔ تاہم تقریباً یقین کے ساتھ کہا جا سکتا ہے کہ جس طرح نو آبادیاتی تسلط کے خلاف اٹھنے والی تحریکیں اپنے اصل مقصد (غلبہ اسلام) میں مکمل طور پر ناکام رہیں، موجودہ تحریکیں بھی اپنے اصل مقصد (احیائے اسلام) میں قطعاً ناکام ثابت ہونگی۔ وقتی ہنگاموں اور نمائشی فتوحات کے سوا خدا کے دین کو ان سے کچھ ملنے والا نہیں ہے۔

وجہ بالکل سادہ ہے۔ یہ تحریکیں حقیقۃً کسی الہیاتی جذبہ کے تحت نہیں اٹھی ہیں۔ یہ محض پٹرول کی دولت ہے جس نے اچانک انھیں زندگی دے دی ہے۔ روایتی ذہن اور روایتی علم رکھنے والے لوگ پچھلے سو سال سے اپنے ملکوں میں دبے ہوئے تھے۔ مسلم معاشرہ کے تمام اہم شعبوں پر مغربی تعلیم یافتہ اور جدت پسند لوگ قابض تھے۔ روایتی طبقہ نہ تو ان لوگوں کے زیر اثر قائم شدہ حکومتی شعبوں کو سنبھالنے کی اہلیت رکھتا تھا نہ ان کے انتظام کے تحت ہونے والے اجتماعات اور کانفرنسوں میں خطابت کا کمال دکھانے کی قوت اپنے اندر پاتا تھا۔

روایت پرست طبقہ مسلسل اس کوشش میں لگا ہوا تھا کہ ان کو زیر کر سکے اور تمام شعبوں کو ایسی سطح پر لائے جہاں اس کے لئے اپنی صلاحیتوں کے مطابق غالب کردار ادا کرنا ممکن ہو سکے۔ یہاں پٹرول کی دولت

‹ Previous page Next page › Contents of May 1978 All issues

Printed page