خدا کا خوف حکمت کا خزانہ ہے
الرسالہ، اکتوبر ۱۹۷۸، صفحہ ۲۲
سگمٹ فرائڈ (1939-1856) نفسیات کا مشہور عالم ہے۔ اس کا نظریہ تھا کہ خواب کا انسانی ذہن سے با ہر کوئی ماخذ نہیں۔ وہ زیادہ تر انسان کی دبی ہوئی خواہش (REPRESSED WISH) کو پورا کرنے کا ایک مظہر ہوتا ہے۔ انسان کی وہ تمنائیں جن کی وہ تکمیل نہ کر سکا، خواب میں ان کو پورا ہوتے دیکھ کر وہ تسکین حاصل کرتا ہے۔ اپنے اس نقطہ نظر کو ثابت کرنے کے لئے اس نے جو کتا بیںلکھیں۔ ۔ ان میں اس کے نزدیک سب سے زیادہ اہم کتاب وہ تھی جس کا نام ہے :
تعبیر خواب (THE INTERPRETATION OF DREAMS)
اس کتاب میں اس نے بہت سے خوابوں کو جمع کر کے اپنے نقطہ نظر کے مطابق ان کی تعبیر بیان کی ہے ۔ فرائڈ کی یہ کتاب پہلی بار جرمن زبان میں صرف ۶۰۰ کی تعداد میں چھپی تھی ۔ مگر اس کو فروخت ہونے میں آٹھ سال لگ گئے ۔ تا ہم بعد کو فرائڈ کے نظریات نے کافی شہرت حاصل کی ۔ اگر چہ اس کو مقبولیت کے بہت کم سال ملے۔ کیوں کہ جلد ہی بعد علمائے نفسیات نے فرائڈ کے نظریات پر سخت تنقید شروع کر دیں ۔
کچھ ایسے خواب ضرور ہیں جن کو فرائڈ نے نہایت کامیاب طور پر اپنے نظریہ تعبیر کے مطابق ثابت کیا ہے۔ مگر بیشتر خوابوں کی تعبیر محض دور از کار تاویل معلوم ہوتی ہے ۔ مثلاً ایک خواب کے مطابق ایک نوجوان ڈاکٹر رات کو دیکھتا ہے کہ اس نے انکم ٹیکس کا غلط حساب پیش کیا ہے جس کے نتیجہ میں اس کو سزا دی جارہی ہے ۔ فرائڈ کہتا ہے کہ نوجوان چاہتا تھا کہ وہ بہت زیادہ دولت کمانے والا ڈاکٹر بنے ۔ اس کی یہی دبی ہوئی خواہش ہے جس نے مذکورہ خواب کے ذریعہ اپنی تسکین حاصل کی ۔ اس قسم کا استدلال اگر صحیح ہو تو کسی دوسرے بالکل مختلف نظریہ تعبیر کو بھی اتنی ہی کامیابی کے ساتھ ثابت کیا جا سکتا ہے۔
تا ہم اس کتاب میں ایک اور بات ہے جو اس سے بھی زیادہ دل چسپ ہے ۔ فرائڈ اپنی ساری ذہانت کے باوجود متعدد خوابوں کو اپنے نظریہ تعبیر کے مطابق ثابت نہ کر سکا ۔ ایسے واقعات میں اس نے ایک اور منطق ڈھونڈ نکالی ہے: ” یہ خواب میرے مخالفین کی اس دبی ہوئی خواہش کا نتیجہ ہیں کہ وہ میرے نظریہ کو غلط ثابت کر سکیں ۔ “ ایک شخص نے فرائڈ سے اپنا خواب بیان کیا۔ وہ ایک وکیل تھا۔ اس نے دیکھا کہ اس کے مقدمات کے تمام فائل گم ہو گئے ہیں ۔ فرائڈ اپنے نظریہ کے مطابق اس کی کوئی اطمینان بخش تعبیر بیان نہ کر سکا۔ بعد کو اس نے اپنی کتاب میں لکھا کہ اصل یہ ہے کہ خواب دیکھنے والا شخص اسکول کی تعلیم کے زمانہ میں آٹھ سال تک اس کا ساتھی تھا۔ اس زمانہ میں فرائڈ ہمیشہ فرسٹ آتا رہا ۔ جب کہ مذکورہ شخص کا نتیجہ ہمیشہ اوسط درجہ کا ہوتا تھا۔ فرائڈ کے نزدیک اس وقت سے مذکورہ شخص کے دل میں یہ خواہش دبی ہوئی تھی کہ فرائڈ کو نیچا دکھائے۔ مگر عملاً وہ ایسا نہ کر سکا ۔ اب اس کے لاشعور نے مذکورہ خواب دیکھ کر تسکین حاصل کی کہ اس نے فرائڈ کو کم از کم اس کے نظریہ خواب کے معاملہ میں غلط ثابت کر دیا ہے۔
‹ Previous page Next page › Contents of October 1978 All issues