Al-Risala · February 1978 · page 13

کلام نبوت

الرسالہ، فروری ۱۹۷۸، صفحہ ۱۳

"الاسلام" کے بعد ادارہ الرسالہ کی دوسری کتابی پیشکش ظہور اسلام عنقریب شائع ہونے والی ہے تقریباً تین سو صفحات پر مشتمل یہ اہم کتاب جدید اسلامی لٹریچر میں اپنی نوعیت کی پہلی کتاب ہے۔

قرآن پہلی کتاب ہے جس نے انسانی تاریخ میں دورِ نثرکا آغاز کیا۔ علمی طرز فکر کی بنیاد رکھی اور سائنٹفک استدلال کو رائج کیا۔ موجودہ دور کا علمی انقلاب ، قرآن ہی کے پیدا کردہ انقلاب کا نتیجہ ہے۔ مگر عجیب بات ہے کہ قرآن کے حاملین اس انقلاب کو سمجھنے میں سب سے پیچھے ہیں ـــــ وہ ابھی تک شعر و شاعری کی فضا سے نکل نہ سکے۔ حتی کہ ان کی نثر بھی خطابت اور شاعری کی ایک صورت ہوتی ہے۔ سائنٹفک استدلال میں ان کے پیچھے ہونے کا حال یہ ہے کہ ان کے علماء اب بھی سائنٹفک استدلال اور مغرب زدگی کو ہم معنی سمجھتے ہیں۔

مسلمانوں کی اس علمی پس ماندگی کا سب سے بڑا نقصان یہ ہے کہ دورِ جدید کے معیارِ فکر پر ابھی تک اسلام کا علمی اظہار نہ ہو سکا۔ ہر دور کا ایک اسلوب اور ایک علمی معیار ہوتا ہے اور ہر دور کے مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ اپنے دور کے فکری معیار پر خدا کے دین کا اعلان عام کریں۔ مگر مسلمان جب خود ہی فکری پس ماندگی میں مبتلا ہوں تو وہ اس ذمہ داری کو کس طرح ادا کر سکتے ہیں ۔

‹ Previous page Next page › Contents of February 1978 All issues

Printed page