THE MOUNTAIN, AT LAST, IS COMING TO MOHAMMED.
الرسالہ، فروری ۱۹۷۸، صفحہ ۴۱
دو عالمی جنگوں نے مغربی قوموں سے طاقت کی منطق بھی چھین لی۔ اس طرح وہ حالات پیدا ہوئے جن میں ایشیا اور افریقہ کے تمام محکوم ممالک مغرب کے سیاسی غلبہ سے آزاد ہوتے چلے گئے۔
اس سلسلے کا آخری واقعہ عرب پٹرول کا ظہور ہے۔ اس نے مغربی قوموں سے اقتصادی برتری کی حیثیت بھی چھین لی جو آخری طور پر ان کے پاس باقی رہ گئی تھی۔ پٹرول کے ذریعہ اللہ تعالیٰ نے مسلم ملکوں کی صنعتی پس ماندگی کی تلافی اتنی عالی شان سطح پر کی ہے کہ اب خود صنعتی ممالک ان کے مقابلہ میں دفاع کی پوزیشن میں چلے گئے ہیں۔ اسلام کی اعتباریت (CREDIBILITY)
دوسری اہم چیز جو موجودہ زمانہ میں وقوع میں آئی ہے، وہ ایسے علمی حالات ہیں جنھوں نے حیرت انگیز طور پر اسلام کی اعتباریت ثابت کر دی ہے۔ اس کا ایک پہلو تاریخی اعتباریت (HISTORICAL CREDIBILITY) ہے۔ جدید دور میں مختلف مذاہب کا مطالعہ خالص مور خانہ انداز سے کیا گیا ہے۔ اس سے ثابت ہوا ہے کہ تمام مذاہب میں اسلام ہی ایک ایسا مذہب ہے جو تاریخی طور پر معتبر ثابت ہوتا ہے۔ باقی تمام مذاہب، خالص تاریخی اعتبار سے، روایتی افسانے سے زیادہ حقیقت نہیں رکھتے۔ مسیحیت، اسلام کے ماسوا، سب سے قریبی دور کا مذہب ہے۔ مگر اس کا حال یہ ہے کہ اناجیل کے باہر اس کا کوئی تاریخی ثبوت نہیں۔ حضرت مسیح، ہمارے ایمان کے مطابق، بلاشبہ اللہ کے رسول تھے۔ مگر جہاں تک مدون تاریخ کا تعلق ہے، آپ کی زندگی کے بارے میں ایسے کافی شواہد موجود نہیں ہیں جو معروف تصور کے مطابق آپ کو ایک تاریخی شخصیت کا مقام دے سکیں، اٹھارہویں صدی کے آخر سے لے کر بیسویں صدی کے شروع تک بہت سے محققین سرے سے مسیح کے وجود ہی کے منکر تھے۔ کیوں کہ انجیل کے علاوہ، جس کا استناد خود مشتبہ ہے، حضرت مسیح کی معاصر تاریخ میں آپ کا کوئی ثبوت نہیں مل رہا تھا۔ تاہم موجودہ صدی کے نصف آخر میں چند ایسے قدیم ماخذ تلاش کر لئے گئے ہیں جن میں مسیح کے نام کا حوالہ، اگر چہ مبہم اور مجمل شکل میں ، موجود ہے۔ مگر وہ اتنا کافی ہے کہ انسائیکلوپیڈیا برٹانیکا (۱۹۶۶) کے مقالہ نگار کو کہنا پڑا : IT IS DIFFICULT TO WRITE WITH CERTAINTY AN AUTHENTIC LIFE OF JESUS. (Vol. 10, p. 145)
مسیح کے مستند حالات کے ساتھ لکھنا ایک مشکل کام ہے۔
تاہم جہاں تک پیغمبر اسلام کا تعلق ہے، آپ کی زندگی کے بارے میں جب کوئی شخص لکھتا ہے تو اس کو یہ اعتراف کرنا پڑتا ہے :
(MOHAMMAD WAS) BORN WITHIN THE FULL LIGHT OF HISTORY The Encyclopedia Americana (1961) Vol., 19, p. 292 محمد تاریخ کی مکمل روشنی میں پیدا ہوئے۔
‹ Previous page Next page › Contents of February 1978 All issues