Al-Risala · October 1979 · page 3

زمین: اللہ کی عجیب وغریب نعمت

الرسالہ، اکتوبر ۱۹۷۹، صفحہ ۳

دنیوی چیزوں کو مقصود بنانے کا نام بے دینی اور آخرت کو مقصود بنانے کا نام دین ہے۔ عام قومیں دنیا کو دنیا کے نام پر کرتی ہیں۔ مسلمان کا بگاڑ یہ ہے کہ وہ دنیا کو دین کے نام پر کرنے لگے۔

مسلمانوں کا بگاڑ اس قسم کا کبھی نہیں ہو گا کہ وہ دین کا نام لینا چھوڑ دیں۔ ایسا بگاڑ نہ پچھلی امتوں میں کبھی ہوا اور نہ مسلمانوں میں کبھی ہونے والا ہے۔ مسلمانوں کا بگاڑ یہ ہے کہ وہ دنیا پرستی کی راہ پر چل پڑیں اور اس کو دین کا عنوان بتائیں ۔ دین حقیقۃً آخرت رخی زندگی کا عنوان ہے نہ کہ دنیا رخی زندگی کا۔

مسلمانوں کا بگاڑ یہ ہے کہ وہ دین کو اپنی آل اولاد اور کاروبار میں برکت کا سستا آسمانی نسخہ سمجھنے لگیں ۔ وہ دوسری قوموں کی طرح اپنے قومی اور معاشی مسائل پر ہنگامے کھڑے کریں اور اعلان کریں کہ ہم خیر امت کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ وہ سیاسی اکھاڑ پچھاڑ کی تحریکیں چلائیں اور دعویٰ کریں کہ وہ اس خدائی مشن کے لئے متحرک ہوئے ہیں جس کے لئے اللہ تعالیٰ نے اپنے پیغمبر دنیا میں بھیجے تھے۔

دوسری قومیں جو کام دنیا داری کے نام پر کر رہی ہیں، اسی کو مسلمان دین داری کے نام پر کرنے لگیں تو اس کی وجہ سے وہ کام دین کا کام نہیں بن جائے گا۔ دنیا کا فائدہ، دنیا کی عزت اور دنیا کے اقتدار کے پیچھے دوڑنا اور اپنی ان سرگرمیوں کو دینی الفاظ میں بیان کر کے اس کو دین کا کام ظاہر کرنا، مسلمانوں کو خدا کے یہاں کسی انعام کا مستحق نہیں بناتا۔ بلکہ ان کی ذمہ داریوں میں اضافہ کرتا ہے۔ اپنی اس قسم کی سرگرمیوں کے ذریعہ وہ سرے سے مجرم بن رہے ہیں۔ ایک دنیا پرستی کو اختیار کرنا، دوسرے دینی تعلیمات کو غلط معنی پہنانا اور اس طرح اہل عالم کے سامنے دین کی غلط گواہی دینا۔

دین اصل میں خدا پرستی اور آخرت طلبی کا نام ہے۔ دین داری یہ ہے کہ آدمی کی زندگی آخرت رخی زندگی بن جائے۔ وہ جن حالات میں ہو اور جن ذمہ داریوں کے درمیان اپنے آپ کو پائے ان میں وہ خدا پرستی اور انصاف کے طریقہ پر قائم رہے۔ وہ ہمیشہ اللہ کو یاد رکھے۔ اور دنیا میں جو معاملہ کرے یہ سوچ کر کرے کہ بالآخر اس کو اپنی تمام کارروائیوں کے لئے اللہ کے سامنے جواب دینا ہے۔ کسی بھی قسم کی خوش اعتقادی ہم کو آخرت میں خدا کی پکڑ سے بچا نہیں سکتی اور نہ اسلام کے نام پر تقریری مشاعرے ہم کو خدا کے یہاں خادم اسلام کا مقام عطا کر سکتے ہیں ۔

‹ Previous page Next page › Contents of October 1979 All issues

Printed page