وہ ظالم تھا ، مگر کون ظالم نہیں
الرسالہ، جنوری ۱۹۸۰، صفحہ ۴۳
وہ ظالم تھا ، مگر کون ظالم نہیں
لوگ کہتے ہیں کہ وہ ظالم تھا ۔ مگر وہ کن لوگوں کے لئے ظالم تھا ، ان لوگوں کے لئے جو اس کے سیاسی مخالف بن کر کھڑے ہوگئے تھے۔ اور کون ہے جو اپنے مخالفوں کے لئے ظالم نہیں۔
اس نے لوگوں کے ساتھ انصاف نہیں کیا۔ مگر اس نے کن لوگوں کے ساتھ انصاف نہیں کیا ، ان لوگوں کے ساتھ جن سے اس کو دشمنی ہوگئی تھی۔ اور کون ہے جو اپنے دشمن کے ساتھ انصاف کرے۔
اس نے حق کا اعلان کرنے والوں کا اعتراف نہ کیا۔ مگر اس نے کن لوگوں کا اعتراف نہ کیا ، ان لوگوں کا جن کی حق گوئی سے اس کی اپنی ذات پر زد پڑتی تھی۔ اور کون ہے جو اس حق کا اعتراف کرے جس کی زد اس کی اپنی ذات پر پڑتی ہو۔ اس نے لوگوں کو بے گھر کیا۔ مگر اس نے کن لوگوں کو بے گھر کیا ، ان کو جو اس کی انا کو چیلنج کر رہے تھے۔ اور کون ہے جو اس کو بے گھر نہ کرے جو اس کی انا کے لئے چیلنج بن گیا ہو۔
اس نے لوگوں کے فضل و کمال کو تسلیم نہیں کیا۔ مگر اس نے کن لوگوں کے فضل و کمال کو تسلیم نہیں کیا ، ان لوگوں کا جو اس کی قبائے عظمت کا تکیہ بننے کے لئے تیار نہ تھے۔ اور کون ہے جو اس کے فضل و کمال کو تسلیم کرے جو اس کی قبائے عظمت کا تکیہ نہ بن رہا ہو۔
اس نے لوگوں کے روزگار چھینے ۔ مگر اس نے کن لوگوں کے روزگار چھینے ، ان لوگوں کے جو اس کے اوپر تنقید کرنے لگے تھے۔ اور کون ہے جو اس کا روزگار نہ چھینے جو اس کے اوپر تنقید کرتا ہو۔
اس نے لوگوں کو ذلیل کیا۔ مگر اس نے کن لوگوں کو ذلیل کیا ، ان لوگوں کو جو اس کی بڑائی کو ماننے سے انکار کرتے تھے۔ اور کون ہے جو اس کو ذلیل نہ کرے جو اس کی بڑائی کا انکار کرتا ہو۔
اس نے لوگوں کے آشیانے اجاڑے ۔ مگر اس نے کن لوگوں کے آشیانے اجاڑے ، ان لوگوں کے جو اس کے ماتحت ہوتے ہوئے ماتحت بن کر نہیں رہتے تھے۔ اور کون ہے جو اپنے ان ماتحتوں کا آشیانہ نہ اجاڑے جو اس کے ساتھ سرکشی کا مظاہرہ کرتے ہوں اس نے لوگوں پر زندگی کے دروازے بند کئے ۔ مگر اس نے کن لوگوں کے دروازے بند کئے ، ان لوگوں کے جو اس کے خوشامدی بننے کے لئے تیار نہ تھے۔ اور کون ہے جو اس کے دروازے بند نہ کرے جو اس کا خوشامدی بننے کے لئے تیار نہ ہوتا ہو۔ اس نے روشن گھروں کو بے نور کیا۔ مگر اس نے کن گھروں کو بے نور کیا ، ان گھروں کو جو اس کی متکبرانہ نفسیات کی غذا نہیں بن رہے تھے۔ اور کون ہے جو اس کے روشن گھر کو بے نور نہ کرے جو اس کی متکبرانہ نفسیات کی غذا فراہم نہ کرتا ہو۔
‹ Previous page Next page › Contents of January 1980 All issues