سادگی کی اہمیت
الرسالہ، جنوری ۱۹۸۱، صفحہ ۱۶
سادگی کی اہمیت
لارڈ ماؤنٹ بیٹن کی یادیں (Lord Mountbatten Remembers) کے نام سے بی بی سی نے ایک ڈامنٹری فلم پیش کی ہے۔ اس میں بہت سے دلچسپ واقعات ہیں۔ لارڈ ماؤنٹ بیٹن نے بتایا کہ برطانیہ کی ملکہ الزبتھ کی شادی جب پرنس فلپ سے ہوئی تو گاندھی جی نے ملکہ الزبتھ کو اس موقع پر ایک تحفہ بھیجا تھا۔ یہ ایک میز پوش تھا جو گاندھی جی کے اپنے ہاتھ سے کاتے ہوئے سوت سے تیار کیا گیا تھا۔ ظاہر ہے کہ یہ ایک بھدی چٹائی کی مانند تھا۔ تاہم ملکہ برطانیہ نے اس کو قبول کر لیا۔
لارڈ ماؤنٹ بیٹن کہتے ہیں کہ کچھ سال بعد انہوں نے برٹش میوزیم میں گاندھی جی کی یادگاری اشیاء کی نمائش کی تو تلاش کے باوجود ان کو مذکورہ چٹائی نہ مل سکی۔ انہوں نے سوچا کہ شاید حفاظت کے خیال سے اس کو ٹاور آف لندن میں بھیج دیا گیا ہو۔ مگر ووہاں بھی اس کا سراغ نہ مل سکا۔ آخر اس کا ذکر ملکہ الزبتھ سے ہوا۔ ملکہ نے اپنا ایک خاص دراز کھول کر وہ چٹائی نکالی اور اس کو دیتے ہوئے کہا: آپ نے مجھ سے کیوں نہیں کہا۔ میں نے تو اس کو اپنے پاس حفاظت سے رکھ لیا تھا تاکہ کسی کا ہاتھ اس کو لگنے نہ پائے (ٹائمس آف انڈیا ۱۱ نومبر ۱۹۸۰)
Oh, why didn't you ask me, I let nobody else touch that. I keep that myself. ملکہ برطانیہ نے کھدر کی ایک بھدی چٹائی کو محفوظ رکھنے کا اتنا اہتمام کیوں کیا۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ اس کے "بھدے پن" میں ان کو تقدس کی جھلک دکھائی دے رہی تھی۔
تبلیغی جماعت کے کچھ لوگ لندن گئے وہ اپنے لمبے کرتے، اونچے پائجامہ اور گول ٹوپی میں بظاہر ہاں عجیب سے معلوم ہوتے تھے۔ مگر اس کے باوجود انگریز ان کا بہت ادب کرتے تھے۔ ایک بار ان لوگوں نے کسی پارک میں نماز پڑھی۔ وہ نماز پڑھ کر بیٹھے ہوئے تھے کہ ایک انگریز آیا اور ان کی پیٹھ پر اپنے دونوں ہاتھ پھیر کر اپنے ہاتھوں کو چوم لیا۔ ایک شخص نے پوچھا: تم ان لوگوں کا اتنا احترام کیوں کرتے ہو۔ اس نے جواب دیا: یہ لوگ اپنے اس حلیہ میں ہم کو عیسیٰ اور موسیٰ کی طرح دکھائی دیتے ہیں:
They are just like Jesus and Moses
فیشن اور ٹپ ٹاپ میں اگر شان کا پہلو ہے تو سادگی میں اس سے بھی زیادہ بڑا ایک پہلو ہے اور وہ تقدس ہے۔ سادگی اگر روحانیت کے ساتھ ہو تو وہ دیکھنے والوں کے لئے مقدس چیز بن جاتی ہے اور لوگوں کے حق میں رداجی اہتمام سے زیادہ مؤثر ثابت ہوتی ہے۔ فیشن اور میک اپ کے متعلق ہر آدمی جانتا ہے کہ یہ بازار سے خریدی ہوئی چیزیں ہیں اس لئے ان کو دیکھ کر کسی کے اوپر غیر معمولی تاثر قائم نہیں ہوتا۔ مگر سادگی کے انداز میں تقدس کا جو پہلو ہے اس کی وجہ سے سادگی کو دیکھ کر فوراً احترام کا جذبہ ابھر آتا ہے، جو یقیناً پہلے جذبہ سے کہیں زیادہ اہم ہے۔
‹ Previous page Next page › Contents of January 1981 All issues