معنویت کی تلاش
الرسالہ، اگست ۱۹۸۱، صفحہ ۱۳
معنویت کی تلاش
آر تھر کوئسلر نے البرٹ آئن سٹائن کا ایک قول نقل کیا ہے۔ اس نے کہا : میں یہ مانتا ہوں کہ سائنسی تحقیق میں سب سے زیادہ طاقت ور اور سب سے زیادہ اعلیٰ محرک جو چیز ہوتی ہے وہ کائناتی مذہبیت ہے۔ ایک معاصر سائنس داں نے بجاطور پر کہا ہے کہ ہمارے موجودہ مادی دور میں بھی سنجیدہ علمی تحقیق کرنے والا وہی شخص ہو سکتا ہے جو گا مذہبی آدمی ہو (ٹائمز آف انڈیا ۵ اکتوبر ۱۹۸۰) i maintain that cosmic religiousness is the strongest and most noble driving force of scientific research. A contemporary has said, not unrightly, that the serious research scholar in our generally material- istic age is the only deeply religious human being. (Einstein as quoted by Koestler in Janus)
مذکورہ قول میں مذہبی ہونے کا مطلب ان دیکھی معنویت پر یقین کرنا ہے۔ سائنس داں جب اپنی تلاش میں نکلتا ہے تو اس وقت جو چیز اس کی رہنما بنتی ہے وہ اس کے اندر یہ چھپا ہوا عقیدہ ہوتا ہے کہ کائنات میں وحدت اور معنویت ہے۔ اگر وہ اس یقین سے خالی ہو تو کبھی وہ اپنی تلاش میں سنجیدہ نہیں ہو سکتا۔
گویا باعتبارِ حقیقت ایک سائنس داں اور ایک مذہبی انسان میں کوئی فرق نہیں۔ ایک مذہبی انسان کچھ اعمال کرتا ہے۔ ان اعمال کا مقصد خدا کو خوش کرنا یا آخرت کی دنیا میں اس کا انعام پانا ہے۔ مذہبی انسان خدا کو نہیں دیکھتا اور نہ آخرت کو۔ مگر وہ انتہائی انہماک کے ساتھ اپنے عمل میں مشغول رہتا ہے۔ اس انہماک کی وجہ نہ دکھائی دینے والی حقیقتوں پر اس کا کامل عقیدہ ہے۔ ٹھیک یہی معاملہ سائنسداں کا ہے۔ وہ ساری عمر کسی حقیقت کی جستجو کرتا ہے۔ یہ حقیقت نامعلوم دنیا میں چھپی ہوئی ہے۔ تاہم سائنس داں پیشگی طور پر یہ یقین قائم کر لیتا ہے کہ جو چیز وہ چاہتا ہے وہ کائنات کے اندر چھپی ہوئی موجود ہے، اگر چہ ابھی تک وہ اس کے علم میں نہیں آئی۔ مذہب کی اصل کائنات کی معنویت پر یقین کرنا ہے، ایسی معنویت جو بظاہر ہر ہم کو اپنی آنکھوں سے دکھائی نہیں دیتی۔ سائنسی کھوج کی نوعیت بھی اپنی اصل حقیقت کے اعتبار سے یہی ہے۔ اس دنیا میں ایک سائنس داں بھی ٹھیک اسی مقام پر کھڑا ہوا ہے جہاں ایک مذہبی انسان ۔ اس دنیا میں تمام اعلیٰ حقیقتیں چھپی ہوئی حقیقتیں ہیں۔ اس لئے وہ شخص زیادہ سنجیدگی کے ساتھ کسی اعلیٰ تحقیقی کام میں مصروف ہوگا جو چھپی ہوئی حقیقت پر یقین رکھنے والا ہو۔
‹ Previous page Next page › Contents of August 1981 All issues