Al-Risala · October 1981 · page 10

کام ہے، کام کرنے والے نہیں

الرسالہ، اکتوبر ۱۹۸۱، صفحہ ۱۰

کام ہے، کام کرنے والے نہیں

مہاراشٹر کا ایک نوجوان رامیش دھوبی (۲۳ سال) بے روزگاری سے سخت پریشان تھا۔ مایوسی نے اس کی زندگی اس کی نظر میں بے قیمت بنادی تھی۔ آخر کار ایک روز وہ موہدی اسٹیشن پہنچا۔ "میرے اس ہاتھ کی کیا ضرورت ہے جس کے لئے دنیا میں کوئی کام نہ ہو" یہ احساس اس کے ذہن پر چھایا ہوا تھا۔ اتنے میں اس کو ایک ٹرین آتی ہوئی دکھائی دی۔ وہ ریلوے لائن کے کنارے کھڑا ہوگیا اور جیسے ہی ٹرین سامنے آئی اس نے اپنے دونوں ہاتھ پہیہ اور پٹری کے بیچ میں ڈال دئے۔ انجام ظاہر تھا۔ اس کے دونوں ہاتھ کٹ کر اس کے جسم سے الگ ہو گئے۔

مسافروں نے جب اس کا حال دیکھا تو اس کو لے کر فوراً اسپتال پہنچے اور اس کو ڈاکٹروں کے حوالے کیا۔ رامیش دھوبی سے پوچھا گیا کہ تم نے ایسا کیوں کیا۔ اس نے جو جواب دیا وہ انگریزی رپورٹنگ ٹائمس آف انڈیا ۴ اگست ۱۹۸۱) میں ان الفاظ میں نقل ہوا ہے :

My hands are useless as I can find no work, and living is shameful without work جب میرے لئے کوئی کام نہیں تو میرے ہاتھ بھی بے کار ہیں۔ کام کے بغیر زندگی رسوائی کے سوا اور کچھ نہیں۔ اخبار کی یہ خبریں نے پڑھ کر ختم کی تھی کہ ایک صاحب کمرہ میں داخل ہوئے۔ انھوں نے اپنے حالات بتاتے ہوئے کہا کہ میرے پاس کافی کھیت ہیں اور نہر ہونے کی وجہ سے آب پاشی کا معقول انتظام ہے۔ محنت اور ذمہ داری کے ساتھ کام کیا جائے تو بآسانی ایک لاکھ روپیہ سالانہ کی پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے۔ اب تک میں خود کرتا رہا۔ مگر اب میرے پاس وقت نہیں۔ اور کوئی ایسا قابل اعتماد آدمی نہیں ملتا جس کے حوالے میں اپنا یہ کام کر سکوں۔ اس لئے میں نے طے کیا ہے کہ میں اپنی زمینوں کو بیچ دوں۔

آج کی دنیا میں جس طرح بے شمار لوگ بے روزگاری سے پریشان ہیں۔ اسی طرح یہ بھی واقعہ ہے کہ بے شمار لوگ اس مسئلہ سے دوچار ہیں کہ ان کے پاس کام ہیں مگر ایسے آدمی نہیں ملتے جو سلیقہ کے ساتھ کام کو سنبھال سکیں۔

ان دونوں واقعات کو ملا کر دیکھئے تو معلوم ہوگا کہ دنیا میں کام کی کمی نہیں بلکہ کام کرنے والوں کی کمی ہے۔ جو لوگ بے روزگار ہیں اگر وہ اپنے اندر صرف دو صلاحیت پیدا کر لیں تو روزگار خود انھیں تلاش کرے گا نہ کہ وہ روزگار کی تلاش میں اِدھر اُدھر پھریں۔ وہ دو صلاحیتیں ہیں: محنت اور دیانت داری۔

‹ Previous page Next page › Contents of October 1981 All issues

Printed page