مال گاڑی کو دیکھ کر
الرسالہ، نومبر ۱۹۸۱، صفحہ ۲۷
مال گاڑی کو دیکھ کر
میں ریلوے لائن کے کنارے کھڑا تھا کہ ایک مال گاڑی کی گڑگڑاہٹ نے مجھے اپنی طرف متوجہ کرلیا۔ یہ کئی درجن ویگنوں کی ایک لمبی باہم جڑی ہوئی قطار تھی جو دیر تک میرے سامنے سے گزرتی رہی۔ ایک کے بعد ایک اس کے ڈبے انجن سے بندھے ہوئے اس طرح چلے جا رہے تھے جیسے انجن کے پیچھے چلنے کے سوا انھیں کچھ اور معلوم ہی نہ ہو۔ ویگنوں کی اس مجموعی حرکت نے ان کے اندر ایک عجیب سماں پیدا کر دیا تھا، ایسا معلوم ہوتا تھا جیسے وہ حسن اور معنویت کا ایک دوڑتا ہوا نشان بن گئے ہوں۔
"یہ خوش قسمتی کیا صرف مال گاڑی کے ویگنوں کے لئے مقدر ہے؟ " میں نے سوچا "مال کے ڈبوں کو ان کے مقرر راستہ پر لے جانے کے لئے ایک انجن ہے۔ کیا ہمارے انسانی قافلہ کے لئے کوئی انجن نہیں۔ کیا یہ ممکن نہیں کہ ملت کے کروڑوں افراد کا بھی ایک انجن ہو اور اس کے تمام افراد اس سے جڑ کر خدا کے بتائے ہوئے راستہ پر رواں دواں ہوں۔ کیا ہمارا قافلہ حسن اور معنویت کے اس مجموعہ کی صورت میں نہیں ڈھل سکتا جس کا ثبوت یہ دھات کے ڈبے دے رہے ہیں۔ مال کے ڈبے جو ہماری نظر میں اتنے حقیر ہیں کہ ہم کو سفر کے لئے دئے جائیں تو ہم اس میں بیٹھ کر سفر کے لئے تیار نہ ہوں۔ وہ ایک انجن سے جڑ کر اپنا مشترک فاصلہ بنا لیتے ہیں اور سب مل کر اپنی منزل پر پہنچ جاتے ہیں۔ کیا یہی عمل ہم اپنی زندگی میں نہیں دہرا سکتے۔ آہ وہ بھیڑ جو ایک قافلہ نہیں بن سکتی۔ اور آہ وہ قافلہ جو اپنے آپ کو ایک انجن کے سپرد کرنے کے لئے تیار نہیں۔
دھات کے مجموعوں کا اتنا کامل طور پر بامعنی کردار ادا کرنا بے سبب نہیں ہے۔ یہ انسان کے لئے خدا کے قائم کئے ہوئے نمونے ہیں۔ یہ بے خطا کار کردگی کے نمونے اس لئے ہیں کہ جو کچھ وہ بے شعوری کے ساتھ کرتے ہیں اسی کو انسان شعور کے ساتھ کرنے لگے، جو کچھ وہ "جبر" کے تحت انجام دیتے ہیں اسی کو انسان ” اختیار“ کے تحت انجام دے۔ یہی انسان کا امتحان ہے اور یہی وہ مقام ہے جہاں اس کی کامیابی یا ناکامی کا فیصلہ ہونا ہے۔
دھات کے ٹکڑوں کے لئے ان کی معنویت کے مظاہرہ پر کوئی انعام نہیں ہے۔ کیونکہ وہ جو کچھ کر رہے ہیں اپنی سمجھ اور ارادہ کے تحت نہیں کر رہے ہیں۔ مگر انسان جب اسی با معنی کردار کو اپنی سمجھ اور اپنے ارادہ کے تحت انجام دیتا ہے تو وہ خدا کے یہاں بہت بڑے انعام کا مستحق بن جاتا ہے۔ اس کے لئے دنیا میں غلبہ لکھ دیا جاتا ہے، اور آخرت میں جنت۔
‹ Previous page Next page › Contents of November 1981 All issues