Al-Risala · November 1981 · page 31

برداشت نہ کرنا

الرسالہ، نومبر ۱۹۸۱، صفحہ ۳۱

برداشت نہ کرنا

موجودہ زمانہ کے مسلمانوں کی سب سے زیادہ عام واحد خصوصیت ہے ــــــــ اختلاف کو برداشت نہ کرنا۔ جہاں بھی دیکھیے، مسلمان بس آپس میں لڑتے بھڑتے نظر آئیں گے۔ موجودہ حالت میں چونکہ غیروں پر ان کا قابو نہیں چلتا اس لئے ان کا غصہ اکثر اپنوں پر اترتا ہے، وہ دوسروں کے لئے نرم اور اپنے بھائیوں کے لئے سخت بن گئے ہیں۔

مسلمانوں کی اس مزاجی کیفیت کی تصویر آج ساری دنیا میں نظر آرہی ہے۔ جن لوگوں کے پاس قانون کی طاقت ہے وہ قانون کے زور پر اپنے مخالف بھائیوں کو گولی مار رہے ہیں اور ان کے اوپر کوڑے برسا رہے ہیں۔ جن کے پاس قانون کی طاقت نہیں ان کے دو طریقے ہیں۔ ایک جاہل عوام کا، دوسرے خواص کا۔ مسلمانوں کے جاہل عوام کو جب اپنے کسی بھائی سے اختلاف ہو جائے تو وہ چھریے یا لاٹھی ڈنڈے سے اس پر حملہ آور ہو جاتے ہیں۔ خواص اس قسم کا "غیر شریفانہ طریقہ اختیار نہیں کرتے۔ مگر اپنے مخالف کے اوپر کارروائی کرنے میں وہ کسی سے پیچھے نہیں۔ وہ اس کے بجائے اپنے بھائی کے خلاف سازشیں کرتے ہیں۔ اس کو اجاڑنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس کی اقتصادیات کو برباد کرنے کے منصوبے بناتے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ زبان و قلم سے اس کو اتنا بدنام کریں کہ اس کا نام ذلت و رسوائی کا نشان بن کر رہ جائے۔

کسی مسلمان کے لئے یہ ناقابل معافی جرم ہے کہ وہ اپنے بھائی کو اپنی طاقت کا مزا چکھائے۔ اس کا قلم اور اس کی زبان اپنے مسلمان بھائی کو بے عزت کرنے میں صرف ہونے لگے۔ اس کا پیسہ اپنے بھائی کو مٹانے اور برباد کرنے کے منصوبوں میں خرچ ہو۔ اس کی طاقت کا یہ مصرف بن جائے کہ اس سے وہ اپنے بھائی کا سر توڑے اور اپنے بھائی کی زندگی کو ویران کرے۔ جو شخص اس قسم کے جرم میں مبتلا ہو بلاشبہ وہ اللہ کے یہاں لعنتی ہے۔ اس کے بعد اس کا کوئی بھی عمل اللہ کے یہاں قبول نہیں ہو سکتا۔ الا یہ کہ وہ توبہ کرے اور اپنے ان جرائم سے باز آجائے۔

دو آدمیوں میں اختلاف پیدا ہونا بجائے خود برا نہیں، بلکہ ایسا ہونا بالکل فطری ہے۔ جو چیز بری ہے وہ یہ کہ اختلاف کے بعد دلوں میں نفرت اور عداوت جاگ اٹھے جس سے اختلاف پیدا ہو اس کے بارے میں آدمی انصاف کے تقاضوں کو بھول جائے۔ وہ اس کے خلاف جارحانہ کارروائی کرنے لگے۔ وہ اپنے بھائی کی جان اور مال اور آبرو کو اپنے لئے حلال کر لے، حالاں کہ اللہ نے ہر مسلمان پر دوسرے مسلمان کی جان اور مال اور آبرو کو حرام کیا ہے ۔

‹ Previous page Next page › Contents of November 1981 All issues

Printed page