Al-Risala · November 1981 · page 36

غصہ چھوڑ دیا

الرسالہ، نومبر ۱۹۸۱، صفحہ ۳۶

غصہ چھوڑ دیا

عرفان احمد صاحب بے حد غصہ ور آدمی تھے۔ وہ جب گھر کے اندر داخل ہوتے تو تمام لوگ سہم جاتے ۔ ان کی ماں ، ان کی بہنیں ، ان کے چھوٹے بھائی سب اس خوف میں رہتے کہ کب کس کے اوپر برس پڑیں گے۔ کھانے پینے میں کوئی چیز خلاف مزاج ہوتی تو اس قدر بگڑ اٹھتے کہ برتن اٹھا کر پھینک دیتے ۔ ان کے روز روز کے غصہ کی وجہ سے گھر کی فضا اس قدر خراب ہوگئی تھی کہ سب کچھ ہوتے ہوئے بھی گھر کے اندر کسی کو چین حاصل نہ تھا ۔

ایک روز وہ اپنے کمرہ میں بیوی کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے۔ آج وہ کسی بات پر کافی خوش تھے۔ ان کو خوشی کی کیفیت میں دیکھ کر بیوی نے کہا : آپ جانتے ہیں کہ میں نے کبھی آپ سے کسی چیز کی فرمائش نہیں کی ۔ عرفان احمد صاحب نے کہا ، ہاں بیگم تم صحیح کہتی ہو ، تم نے کبھی خود سے کسی چیز کی فرمائش نہیں کی۔ بیوی نے دوبارہ کہا : آج میں پہلی بار آپ سے ایک چیز مانگنا چاہتی ہوں ، کیا آپ مجھے وہ چیز دے دیں گے۔ عرفان احمد صاحب پر بیوی کی اس بات کا بہت اثر پڑا۔ انھوں نے کہا ، آج تم جو بھی مانگو میں دوں گا ، حتیٰ کہ اگر تم جان مانگو تو وہ بھی نکال کر پیش کر دوں گا۔ بیوی نے کہا ، نہیں آپ نہیں دیں گے۔ عرفان احمد صاحب نے جذباتی انداز میں کہا : تم مانگو تو ، دیکھو میں ابھی دیتا ہوں یا نہیں۔ اس کے بعد بیوی نے کہا : میں آپ سے کچھ اور نہیں مانگتی ، بس یہ مانگتی ہوں کہ آپ غصہ کرنا چھوڑ دیں۔

عرفان احمد صاحب کو اس جملہ نے اس قدر متاثر کیا کہ وہ بالکل ڈھ گئے۔ انھوں نے اسی وقت اپنے دونوں کان پکڑے اور کہا کہ جاؤ ، میں نے آج سے غصہ چھوڑ دیا۔

اس واقعہ کو دس سال گزر چکے ہیں اور اب عرفان احمد صاحب بالکل دوسرے انسان ہیں۔ وہ گھر میں ہر ایک سے محبت کے ساتھ بولتے ہیں۔ معاملات میں مشورہ کرتے ہیں۔ جو کھانا بھی سامنے آئے اس کو خوشی سے کھالیتے ہیں۔ وہ خلاف مزاج باتوں کو نظر انداز کرتے ہیں نہ یہ کہ ایک ایک بات پر برہم ہو جائیں۔

یہ تبدیلی خود عرفان احمد صاحب کے لئے بہت مفید ثابت ہوئی ہے۔ اب ان کی صحت پہلے سے بہت بہتر ہے۔ وہ اب پہلے سے زیادہ کام کرنے لگے ہیں۔ گھر کے باہر صاحب معاملہ افراد سے ان کا سلوک بہت اچھا ہو گیا ہے۔ ان کا کاروبار بھی اب بہت بڑھ گیا ہے۔ وہ رات کو سکون کے ساتھ سوتے ہیں ، جب کہ اس سے پہلے ان کا حال یہ تھا کہ رات بھر بے تابی کے ساتھ کروٹیں بدلتے رہتے تھے۔

‹ Previous page Next page › Contents of November 1981 All issues

Printed page