Al-Risala · December 1981 · page 6

عمل کا فرق

الرسالہ، دسمبر ۱۹۸۱، صفحہ ۶

عمل کا فرق

ایک ایسا کمپیوٹر بنایا جا سکتا ہے جو اپنی صورت کے اعتبار سے بالکل انسان کی طرح دکھائی دیتا ہو۔ اس سے آپ کہیں کہ "پانی لاؤ، اور وہ چل کر مقررہ مقام پر جائے اور وہاں سے پانی کا گلاس لا کر آپ کو پیش کر دے۔ مگر کمپیوٹر کے اس عمل پر اس کے لئے کوئی جزا نہیں ہے۔ دوسری طرف ایک انسان ہے۔ اس نے ایک شخص کو دیکھا کہ وہ پیاس سے بیتاب ہے۔ اس کی حالت دیکھ کر اسے رحم آگیا۔ وہ روانہ ہوا کہ ٹھنڈا پانی لا کر اس پیاسے آدمی کو پلائے۔ اس وقت اس کے دل میں جذبات کا طوفان برپا تھا۔ اس کی زبان سے نکلا: خدا را! تو اس دن مجھے ٹھنڈا پانی پلا جس دن تیرے سوا کسی کے پاس پانی نہ ہوگا۔ اس دن مجھ کو اپنے سایہ میں لے لے جس دن تیرے سوا کسی کے لئے سایہ نہ ہوگا۔ اس نے ٹھنڈے پانی کا گلاس لیا اور اس کو لے کر پیاسے کے پاس اس حال میں آیا کہ ایک طرف بھرے ہوئے پانی سے گلاس چھلک رہا تھا۔ اور دوسری طرف خدا کے خوف سے آنسوؤں کا طوفان اس کی آنکھوں میں امڈ رہا تھا۔ عین ممکن ہے کہ آدمی کا یہ عمل اللہ کو اتنا زیادہ پسند آجائے کہ اسی عمل پر اس کی بخشش ہو جائے۔

کمپیوٹر اور انسان میں یہ فرق کیوں ہے ۔ جو کام انسان نے کیا وہی کام کمپیوٹر نے بھی کیا۔ مگر انسان کو ایک گلاس پانی کے بدلے جنت دے دی گئی ۔ جب کہ کمپیوٹر کو اسی قسم کے ایک گلاس پانی پر کوئی انعام نہیں ملا۔ اس کی وجہ جذبہ کا فرق ہے۔ کمپیوٹر کا عمل بے شعوری کی سطح پر تھا اور انسان کا عمل شعور کی سطح پر۔ کمپیوٹر نے بے حسی کے تحت اپنا کام انجام دیا اور انسان نے احساس کے تحت۔ اسی فرق کا یہ نتیجہ تھا کہ ایک کو اپنے کام پر کوئی جزا نہیں ملی اور دوسرے کو اسی عمل پر ابدی جنت لکھ دی گئی ۔

یہی وہ فرق ہے جس کو شریعت میں قساوت اور احتساب کے الفاظ میں بیان کیا گیا ہے۔ قساوت کا مطلب ہے بے حسی۔ اس سے مراد وہ عمل ہے جو محض ظاہری اعضاء سے انجام دیا جائے، جس میں انسان کی اپنی نفسیات شامل نہ ہو۔ اس کے مقابلہ میں احتساب کا مطلب ہے اللہ کی رضا کو سامنے رکھ کر کوئی کام کرنا۔

قساوت اور احتساب کا یہ فرق تمام معاملات میں ہے ۔ کوئی بھی دینی عمل اللہ کے یہاں اسی وقت مقبول ہوتا ہے جب کہ وہ حساسیت کی سطح پر انجام دیا گیا ہو ، بے حسی کی سطح پر کیا ہوا عمل ایک قسم کا مشینی عمل ہے اور مشینی عمل اللہ تعالی کے یہاں مطلوب نہیں۔

‹ Previous page Next page › Contents of December 1981 All issues

Printed page